جوبا، جنوبی سوڈان کے قریب متنازعہ ابیئی خصوصی انتظامی علاقے میں وارپ ریاست کی ٹوک کمیونٹی کے مسلح نوجوانوں اور نگوک ڈنکا کے درمیان دوبارہ فرقہ وارانہ جھڑپوں میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 17 دیگر زخمی ہو گئے۔
اقوام متحدہ کے حکام نے پیر کو اس کی تصدیق کی۔ اقوام متحدہ کی عبوری سیکورٹی فورس ابیئی (یو این آئی ایس ایف اے) نے کہا کہ ہفتے کے آخر میں ریاست وارپ کی ٹوک کمیونٹی کے مسلح نوجوانوں نے ابیئی خصوصی انتظامی خطے کے علاقوں پر حملہ کیا۔
یو این آئی ایس ایف اے نے کہا، “مسلح حملہ آوروں نے 3 اور 4 فروری کومالول الیو، بینٹین، اوولنہوم، اباٹوک، مجبونگ، اوول اور رومامئر کے مشرقی علاقے میں شہریوں پر حملہ کیا اور اس دوران راکٹ، گرینیڈ اور مارٹر جیسے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔”
قابل ذکر ہے کہ دونوں برادریوں کے درمیان پہلی بار 27 سے 28 جنوری کو ایبئی کے انتظامی علاقے میں جھڑپ ہوئی تھی، جس میں اقوام متحدہ کے دو امن فوجیوں سمیت 54 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یو این آئی ایس ایف اے نے کہا کہ ابیئی کے جنوبی حصے میں لڑائی کے نتیجے میں بہت سے شہری مارے گئے، بہت سے زخمی اور بہت سے اغوا ہوئے ہیں۔ گاؤوں کو جلانے اور مویشیوں کی چوری کی وارداتیں ہوئی ہیں۔
ابیئی کے انتظامی علاقے کے وزیر اطلاعات بلیس کوچ اگوار اجیت نے دعویٰ کیا کہ نیور کے روحانی پیشوا گائے ماچیک اور ان کے حامیوں کے ذریعہ حمایت یافتہ ٹوک کے مسلح نوجوانوں نے خطے کے مختلف گاؤوں پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا قتل کیا گیا۔ بازاروں اور املاک کو آگ لگانا اور مویشیوں کی لوٹ ہوئی۔”
یواین آئی ایس ایف اے نے کہا کہ اس نے مزید تشدد کو روکنے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے زمینی اور فضائی گشت کو تیز کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ “یواین آئی ایس ایف اے کے امن دستے اس وقت اپنے ٹھکانوں میں 2000 سے زیادہ بے گھر افراد کو پناہ دے رہے ہیں اور انہیں بنیادی مدد فراہم کر رہے ہیں، جن میں سینکڑوں بچے، حاملہ خواتین، بوڑھے اور معذور افراد شامل ہیں۔”
یواین آئی ایس ایف اے نے جاری تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بین فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے اور امن کے لئے خطرہ پیدا ہورہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ “مشن ان لوگوں کے خاندانوں کے ساتھ اپنی دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے جنہوں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں اور یاد دلاتا ہے کہ امن دستوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرم بن سکتا ہے۔”
یواین آئی ایس ایف اے نے دشمنی کے فوری خاتمے، بین الاقوامی انسانی قانون کے احترام اور شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔ بیان میں کہا گیا، “یواین آئی ایس ایف اے نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مجرموں کو جوابدہ ٹھہرانے اورابیئی میں امن کی بحالی کو یقینی بنانے میں تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔
یواین آئی۔الف الف