اسرائیلی وزیر دفاع کا حماس کی 18 بٹالینز ختم کرنے کا دعویٰ

تل ابیب، اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلینٹ کی جانب سے حماس کی 24 میں سے 18 بٹالینز ختم کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، امریکی تھنک ٹینک نے اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلینٹ کے دعوے پر سوالات اُٹھا دیے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انسٹی ٹیوٹ فاراسٹڈی آف وار اینڈ کریٹیکل تھریٹس پروجیکٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع کو اپنے اس دعوے کی وضاحت کرنے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق حماس کا غزہ سے مکمل خاتمہ کرنے کے لیے اسرائیل کو ڈیویژن سائز فورس دوبارہ متحرک کرنی پڑی۔

دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی کے لیے کوششیں تیز ہو گئی ہیں، حماس نے جنگ بندی کے لیے قطر اور مصر کی مجوزہ تجاویز کا جواب دے دیا۔

حماس نے مجوزہ غزہ جنگ بندی پلان پر اپنا جواب دے دیا ہے، قطری وزیر اعظم اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے معاہدے کے فریم ورک سے متعلق حماس کا جواب ملنے کی تصدیق کر دی ہے۔

دوحا میں قطری وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ حماس کے جواب کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور اس پر اسرائیل سے بات کریں گے، امید ہے معاہدہ ممکن ہو جائے۔

پریس کانفرنس میں پوچھے جانے پر قطری وزیر اعظم نے کہا کہ اس نازک وقت میں معاہدے کے فریم ورک کی تفصیلات نہیں بتا سکتے۔

یو این آئی۔ ع ا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں