واشنگٹن، امریکہ نے کہا ہے کہ انتخابات والے روز لاکھوں پاکستانی ووٹ ڈالنے کے لیے نکلے، ہماری دلچسپی جمہوری عمل میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی مستقبل کی قیادت کا فیصلہ پاکستانی عوام کو کرنا ہے، آج لاکھوں پاکستانی ووٹ ڈالنے کے لیے نکلے۔ ہماری دلچسپی جمہوری عمل میں ہے۔
امریکا کی جانب سے پولنگ کے دوران پرتشدد واقعات کی شدید مذمت کی گئی ہے جبکہ امریکہ نے دھاندلی کی اطلاعات، انٹرنیٹ اور فون سروس کی بندش پر بھی اظہار تشویش کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ انتخابات کے دن پیش آئے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ تشدد کے واقعات نے پورے پاکستان میں سیاسی جماعتوں کو متاثر کیا۔
ویدانت پٹیل نے کہا کہ پاکستان میں آزادی اظہار کیلئے استعمال رابطوں پر پابندیوں پر تشویش ہے۔ پولنگ کے دن انٹرنیٹ اور فون تک رسائی پر پابندیوں کی رپورٹس سے آگاہ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ تعلقات کے فروغ کیلئے حکومت پاکستان کیساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے۔ پاکستانی انتخابات کے ابتدائی غیرسرکاری نتائج پرکوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔ ہم انتخابی عمل کی نگرانی جاری رکھیں گے۔
ویدانت پٹیل کا کہنا تھا تھا کہ ایساعمل دیکھنا چاہتے ہیں جس میں وسیع پیمانے پر شراکت داری ہو۔ ایساعمل دیکھنا چاہتے ہیں جہاں آزادی اظہار اور پرامن اجتماع کی اجازت ہو۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ہمیں پاکستان کیساتھ شراکت داری اور تعاون بڑھانے میں دلچسپی ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی میں پڑوسی ملک کے ملوث ہونے کی رپورٹس نہیں دیکھی۔
یو این آئی۔ ع ا۔