جنوبی لبنان میں حزب اللہ کی ایلیٹ فورس کے ایک فوجی کمپاؤنڈ پر بمباری

تل ابیب، اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کی ایلیٹ فورس کے ایک فوجی کمپاؤنڈ پر بمباری کی ہے۔ اس ایلیٹ فورس کو رضوان بریگیڈ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ فوج نے ایک بیان میں مزید کہا کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے کمپلیکس پر بمباری کی۔ خیام کے علاقے میں اس کمپلیکس میں رضوان فورسز کی سات فوجی عمارتیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ طورہ کے علاقے میں حزب اللہ کے فوجی کمانڈ سینٹر پر بمباری کی گئی۔

اتوار کے روز جاری صہیونی فوج کے بیان میں مزید کہا گیا کہ گولان کی پہاڑیوں اور المنارہ کے علاقے کی طرف بھی متعدد میزائل داغے گئے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کوکبا اور میس الجبل کے علاقوں میں آگ کے ذرائع پر بمباری کی۔

ایک متعلقہ تناظر میں اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے لبنان اور شام کے ساتھ اپنے شمالی محاذ پر ممکنہ جنگ کی تیاری کا ایک اور مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔

فوج نے ’’دفاع سے حملے کی طرف منتقلی کی تیاری‘‘ کے عنوان سے ایک بیان میں مزید کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں شمالی کمان کی جنگ کے لیے تیاری کا ایک اور مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ اس میں بڑے پیمانے پر متحرک ہونے کے لیے ضرورت پڑنے پر آئی ڈی ایف فورسز کی آپریشنل کنٹیجنسی سٹورز پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اتوار کو مشرقی لبنان پر فضائی حملے کیے۔ اسرائیلی فورسز نے حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔ دوسری طرف گروپ نے لبنان کی فضائی حدود میں ایک اسرائیلی ڈرون کو مار گرایا۔

یاد رہے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان دونوں فریقوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے مشرقی لبنان کے شہر بعلبک میں ایک فوجی کمپاؤنڈ اور حزب اللہ کے تین دیگر مقامات پر بمباری کی۔ یہ حملہ ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ گروپ کی جانب سے لبنانی فضائی حدود میں ایک ڈرون کو مار گرائے جانے کے ردعمل میں کیا گیا۔

حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس کے بعد اس نے مشرقی لبنان پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں میں ایک فضائی دفاعی اڈے پر درجنوں کاتیوشا راکٹ فائر کیے۔ حزب اللہ اور اسرائیل 8 اکتوبر سے لبنان کی جنوبی سرحد پر فائرنگ اور فضائی حملوں کا تبادلہ کر رہے ہیں۔

یواین آئی۔ م س

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں