رام اللہ، فلسطین کے شمالی مغربی کنارے کے شہر جنین اور اس کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ میں سات فلسطینی شہیدہو گئے۔ یہ اطلاع فلسطینی سیکورٹی ذرائع نے جمعہ کو دی۔
فلسطینی سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ایک اسرائیلی ڈرون نے جنین کیمپ میں نوجوانوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا اور فلسطینی عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے جواب میں اسرائیلی فورسز نے جنین کے مغرب میں ایک مکان کو گھیرے میں لے لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے اس کے بعد علاقے میں اضافی فورسز کو تعینات کیا اور پھر گھر پر کئی ’انیرگا‘ گرینیڈوں سے حملہ کیا۔
جنین میں ہلال احمر کے ایمبولینس افسر محمود السعدی نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ایمبولینس کے عملے کو محصور گھر تک پہنچنے سے روک دیا ہے۔
اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے آج ایک بیان میں کہا کہ اس کے فوجیوں نے جنین کے علاقے میں’دہشت گردی مخالف‘ سرگرمیوں کا مناسب جواب دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’فوجی ایک عمارت کو گھیرے میں لے رہے ہیں جہاں دہشت گردوں نے رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں اور آئی ڈی ایف کے سپاہیوں کا دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران آئی ڈی ایف کے ایک طیارے نے علاقے میں کئی مسلح عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ جنین شہر اور اس کے پناہ گزین کیمپ میں دو سال سے زائد عرصے سے کشیدگی بڑھ رہی ہے اور اکتوبر 2023 کے اوائل میں فلسطینی اسرائیل تنازع شروع ہونے کے بعد سے اس میں شدت آئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں 560 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
یواین آئی، م ش