تہران، ایران کے مشرقی صوبے شمالی خراسان کی بوجانورد کاؤنٹی میں اتوار کو آنے والے شدید زلزلے کی وجہ سے کم از کم 28 افراد زخمی ہو گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے یہ اطلاع دی۔ ایجنسی نے بتایا کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.2 تھی اور کم از کم 28 افراد زخمی ہوئے۔
ایرانی زلزلہ سائنس مرکز کے مطابق مقامی وقت کے مطابق 16:13 پر آنے والے زلزلے کی گہرائی 8 کلومیٹر تھی۔ اس کے بعد چار آفٹر شاکس آئے جن میں اسی کاؤنٹی میں 4.7 اور 4.1 کی شدت کے دو جھٹکے شامل تھے۔
ارنا نے صوبائی طبی ایمرجنسی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ تقی دولت آبادی کے حوالے سے بتایا کہ زلزلے میں زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد کو فریکچر اور دماغی صدمے کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سے 18 کو ابتدائی طبی امداد دی گئی اور کچھ کو طبی امداد کے تحت رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں تمام میڈیکل ایمرجنسی عملہ، سینٹرز اور ریپڈ ریسپانس ٹیمیں مکمل طورپر الرٹ موڈ پر ہیں۔
یو این آئی۔ م ع۔ 0925