اسرائیلی فوج شمالی سرحد پر سیکیورٹی توازن کو تبدیل کر رہی ہے: نیتن یاہو

تل ابیب، اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ فوج جنوبی لبنان پر حملے شروع کرنے کے بعد شمالی سرحد پر سیکیورٹی توازن کو تبدیل کر رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیتن یاہو نے ایک سیکیورٹی میٹنگ کے دوران کہا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ ہم سیکیورٹی توازن، شمال میں طاقت کے توازن کو تبدیل کریں گے اور ہم بالکل وہی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا مقصد خطرات کا انتظار کرنے کے بجائے اس کو روکنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لبنان میں حزب اللہ پر حملوں میں تیزی لانے کے بعد اسرائیل کو پیچیدہ دنوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اسرائیلی عوام سے متحد رہنے کی اپیل کی۔

پیر کو لبنان کے جنوب اور مشرقی علاقوں میں حزب اللہ کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نے لبنانی عوام کو خبردار کیا کہ وہ خطرے سے دور چلے جائیں۔

حزب اللہ کے 800 اہداف کو نشانہ بنانے کے اعلان کے فوراً بعد ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے لبنان کے عوام سے کہا کہ تباہی کے راستے سے دور چلے جائیں اور ہمارا آپریشن ختم ہونے کے بعد آپ اپنے گھروں کو بحفاظت واپس آ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لبنان سے متعدد راکٹ فائر کیے جانے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اتوار کو کہا تھا کہ اسرائیل نے حزب اللہ پر ایسے حملے کیے ہیں جس کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ کوئی بھی ملک اپنے شہریوں پر حملوں کو برداشت نہیں کر سکتا۔

واضح رہے کہ پیجر اور واکی ٹاکی دھماکوں کے بعد اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کو نشانہ بنانے کے لیے باضابطہ حملوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

اس سلسلے میں پہلا بڑا حملہ جمعہ کو بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے پر میں کیا گیا تھا جس میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈروں کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اس حملے میں 45 افراد شہید ہو گئے تھے۔

اس دوران اتوار کو بھی حملے کیے گئے لیکن سب سے بڑے حملوں کا آغاز پیر کو کیا گیا جس میں اب تک حزب اللہ کے 800 مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں اب تک کم از کم 274 افراد شہید اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

یو این آئی۔ ع ا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں