واشنگٹن، امریکہ کے جنوب مشرقی علاقوں میں آنے والے سمندری طوفان ہیلن کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 116 ہو گئی ہے۔
سی بی ایس نیوز نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ اس نے بتایا کہ طوفان ہیلن سے مرنے والوں کی تعداد 116 تک پہنچ گئی ہے۔ یہ اموات جنوبی کیرولائنا، جارجیا، فلوریڈا، شمالی کیرولینا، ورجینیا اور ٹینیسی ریاستوں میں ہوئی ہیں۔
پاورآؤٹیج ڈاٹ یوایس مانیٹرنگ سروس نے کہا کہ طوفان نے فلوریڈا، شمالی کیرولائنا، جارجیا اور ٹینیسی میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس سے 20 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔
یہ طوفان جمعرات کی رات دیر گئے امریکہ پہنچا اور جمعہ کو کمزور ہو کر ٹراپیکل طوفان میں تبدیل ہو گیا۔
موسلا دھار بارش نے شمالی کیرولائنا کے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کردی، جس کی وجہ سے سڑکوں کو نقصان پہنچا اور ٹیلی فون سروس بند ہوگئی۔
صدر جو بائیڈن نے فلوریڈا، جارجیا، الباما، شمالی کیرولینا، جنوبی کیرولینا اور ٹینیسی کے لیے ہنگامی اعلانات جاری کیے ہیں اور امداد فراہم کرنے کے لیے فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے تقریباً 800 اہلکاروں کو اس علاقے میں تعینات کیا ہے۔
یواین آئی۔الف الف