بیروت، حزب اللہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ اس نے دن بھر سرحد پر ہوئیں جھڑپوں میں 17 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
لبنان کے عسکری ذرائع اور حزب اللہ کے ذرائع نے ژنہوا کو بتایا کہ تقریباً 10 گھنٹے کی جھڑپوں کے بعد حزب اللہ کے جنگجو گروپوں نے العديسة اور كفركلاکے جنوب مشرقی گاؤں کی طرف اسرائیلی پیش قدمی کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے سرحدی حدود سے پیچھے ہٹنے کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان جھڑپوں کی شدت میں کمی آئی اور یہ راکٹ اور توپ خانے سے فائرنگ تک محدود ہو گئی۔
لبنانی فوجی ذرائع نے بتایا کہ حزب اللہ اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جمعرات کی سہ پہر پرتشدد جھڑپیں شروع ہوئیں کیونکہ اسرائیلی فورسز نے العديسةاور کفر کلا کے گاؤوں میں پیش قدمی کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے تقریباً 50 ارکان نے لبنان اور اسرائیل کو الگ کرنے والی بلیو لائن کو عبور کیا، اس سے قبل توپ خانے سے فائر اور ہوائی حملوں نے علاقے کے کئی قصبوں اور گاؤوں کو نشانہ بنایا۔
حزب اللہ نے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے جمعرات کو العديسةاور کفر کلا کے گاؤں کے قریب اسرائیلی فوجیوں کی ایک ٹیم کو راکٹوں اور توپ خانے کے گولوں سے نشانہ بنایا اور دشمن فورسز کے خلاف کئی بارودی آلات کو دھماکے سے اڑا دیا جنہوں نے دو سرحدی گاووں میں گھسنے کی کوشش کی۔
گروپ نے کہا کہ اس نے جمعرات کو 30 فوجی کارروائیاں شروع کیں، جس میں شمالی اسرائیل میں درجنوں مقامات، عبادت گاہوں، کمانڈ سینٹرز اور توپ خانے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے ابھی تک ان جھڑپوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
چند روز قبل اسرائیلی فورسز نے لبنان میں ایک محدود زمینی کارروائی شروع کی تھی، جس کے نتیجے میں لبنان کی جنوبی سرحد پر حزب اللہ کے ارکان کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔
یو این آئی۔ این یو۔