غزہ، غزہ میں حماس کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کے نافذ ہونے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 137 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ اطلاع حماس کے زیر انتظام سرکاری میڈیا آفس کے سربراہ سلامہ معروف نے منگل کو دی۔
معروف نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 10 دنوں کے دوران جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی لائی ہے جس میں آج غزہ شہر کے جنوب میں پانچ افراد کا قتل بھی شامل ہے۔
اہلکار کے مطابق، ہلاکتوں میں ڈرون کے ذریعے نشانہ بننے والے دو بھائی بھی شامل ہیں، جس سے 19 جنوری کو امن معاہدے کے نافذ العمل ہونے کے بعد سے ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی کل تعداد 137 ہو گئی، جن میں رفح شہر میں ہلاک ہونے والے 52 فلسطینی بھی شامل ہیں۔
معروف نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ فوجی کارروائی اور اقتصادی ناکہ بندی کے ذریعے فلسطینی آبادی پر دباؤ بڑھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا، “اسرائیل محاصرہ سخت کر رہا ہے اور آبادی کو بنیادی ضروریات تک رسائی سے محروم کر رہا ہے، جبکہ شہریوں کا وحشیانہ قتل جاری ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں جنہیں اسرائیلی فوج سے کوئی خطرہ نہیں تھا۔ زیادہ تر اس وقت مارے گئے جب وہ قبضے کے مقامات کے قریب اپنے گھروں کا معائنہ کر رہے تھے۔”
معروف نے بین الاقوامی ثالثوں پر زور دیا کہ وہ مداخلت کریں اور اسرائیل کو اس کے اقدامات کا جوابدہ ٹھہرائیں۔
قابل ذکر ہے کہ غزہ میں جنگ بندی مصر، قطر اور امریکہ کی ثالثی میں 15 ماہ کی تباہ کن جنگ کے بعد 19 جنوری کو شروع ہوئی تھی۔
یو این آئی۔ ع ا۔