جموں و کشمیر
سابق رکن پارلیمان کا لیہہ تشدد کی غیر جانبدار عدالتی تحقیقات کا مطالبہ، کہا لداخ نازک موڑ پر کھڑا ہے

سری نگر، بی جے پی کے لیڈر اور سابق رکن پارلیمان جمینگ سیرنگ نامگیال نے مرکزکے زیر انتظام علاقہ لداخ کے لیہہ میں پیش آنے والے پر تشدد واقعے، جس میں چار افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، کی غیر جانبدار، شفاف اور وقت مقررہ کے اندر عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ لداخ ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے۔
سابق رکن پارلیمان نے لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے تمام فریقین کے ساتھ با اعتماد مذاکراتی عمل شروع کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
انہوں نے اپنے خط میں لکھا ہے: ‘جو معاملہ ایک پر امن جمہوری اظہار رائے کے طور پر شروع ہوا تھا وہ تشدد کا رخ اختیار کر گیا اور نہتے مظاہرین پر فائرنگ سے عوامی اعتماد مجروح ہوگیا’۔
ان کا کہنا ہے: ‘میں تشدد اور توڑ پھوڑ کی مذمت کرتا ہوں لیکن یہ بحران تحمل اور برد باری سے بہتر طریقے سے نمٹایا جا سکتا تھا’۔
بی جے پی لیڈر اپنے خط میں لکھتے ہیں: ‘لداخ کی عوام امن، انصاف اور احتساب کے مطالبے پر متحد ہیں اور میں لیہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کی جانب سے امن کی اپیلوں اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی طرف سے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کے ارکان سے 6 اکتوبر کو مجوزہ ملاقات سے قبل بات چیت کے اقدام کی سراہنا کرتا ہوں’۔
انہوں نے خط میں لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کی غیر جانبدار، شفاف اور مقررہ وقت کے اندر عدالتی تحقیقات کا حکم دیں، جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کو معاوضہ فراہم کریں، زخمیوں کے لئے مفت اور جدید طبی سہولیات مہیا کریں اور متاثرہ خاندانوں کو نفسیاتی مشاورت اور روزگار کی معاونت فراہم کریں۔
انہوں نے ایک بااعتماد مذاکراتی عمل پر بھی زور دیا تاکہ تمام فریقین کو سنا جائے۔
سابق رکن پارلیمان نے اپنے خط میں کہا: ‘لداخ ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے۔ ہمارے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہمارے لوگ، جو اس سرحد کے نگہبانوں کے طور پر بے پناہ ذمہ داری نبھاتے ہیں، ایسی حکومت کے مستحق ہیں جو ہمدردی کے ساتھ ساتھ انصاف اور انسانیت پر مبنی ہو جہاں شکایات کو دیانتداری سے سنا اور دور کیا جائے’۔
انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا: ‘میں ہر ایسے تعمیری اقدام میں اپنا کر دار ادا کرنے کے لئے تیار ہوں جو امن و مفاہمت کے لئے ہو’۔
ادھر لداخ میں گذشتہ تین روز سے کرفیو جیسی پابندیاں نافذ ہیں اور پورے خطے میں خاموشی کا ماحول سایہ فگن ہے۔
بدھ کے روز پیش آنے والے پر تشدد واقعات کے بعد علاقے میں کشیدگی ہے۔
مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ لداخ کو ریاستی درجہ دیا جائے اور آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت خصوصی حیثیت دی جائے۔
مرکزی حکومت نے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اپنے اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے عوام کو احتجاج پر اکسایا۔
یو این آئی ایم افضل۔ایف اے
جموں و کشمیر
جموں پل حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر تین ہوئی
جموں، جموں و کشمیر کے بن تالاب علاقے میں پل حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر تین ہو گئی ہے۔ رات بھر چلے بچاؤ آپریشن کے بعد حالانکہ ایک مزدور کو زندہ بچا لیا گیا ہے، جبکہ آپریشن روک دیا گیا ہے۔
افسران نے کہا کہ “ملبے میں دبے تیسرے مزدور کی لاش مل گئی ہے، جس سے مرنے والوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔”
واضح رہے کہ جمعہ کو بن تالاب علاقے میں ٹھٹھر کے پاس مرمت کے دوران ایک پل کا حصہ گرنے سے چار مزدور ملبے میں دب گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ “مزدور پل کی مرمت کر رہے تھے، جسے گزشتہ سال اچانک آئی باڑھ میں نقصان پہنچا تھا۔” کل دو مزدوروں کی موت ہو گئی تھی اور ایک کو بچا لیا گیا تھا اور چوتھا مزدور دبا ہوا تھا، جس کی لاش آج صبح پولیس، فوج، اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور این ڈی آر ایف ٹیم کی جے سی بی اور دوسری مشینری کی مدد سے رات بھر چلے بچاؤ آپریشن کے بعد ملی۔
اس دوران جموں و کشمیر حکومت نے واقعے کا نوٹس لیا اور دو انجینئروں کو معطل کر دیا اور ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کر دیا۔
حکومت نے واقعے کی جانچ کا بھی حکم دیا ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔
جموں و کشمیر
سری نگر: سی آئی ٹی یو کا یومِ مئی پر مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کا عزم، تاریگامی کی اتحاد کی اپیل
سری نگر،سری نگر میں ‘سینٹر آف انڈین ٹریڈ یونینز’ (سی آئی ٹی یو) کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ مئی کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر محنت کش طبقے کی تاریخی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ابھرتے ہوئے چیلنجز کے خلاف مزدوروں کے حقوق کے دفاع کے عزم کو دہرایا گیا۔
پروگرام کا آغاز شکاگو کے ‘مارکیٹ افیئر’ کے ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے سے ہوا جن کی عظیم قربانیوں نے دنیا بھر میں آٹھ گھنٹے کے اوقاتِ کار اور مزدوروں کے تحفظ کے نئے دور کی بنیاد رکھی۔ مقررین نے کہا کہ یومِ مئی مزدوروں کے اتحاد، استقامت اور انصاف کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد کی علامت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی آئی ٹی یو جموں و کشمیر کے صدر اور رکن اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی نے کہا مزدور کبھی انتہائی نامساعد حالات میں 17 سے 18 گھنٹے کام کرنے پر مجبور تھے۔آج ہمیں جو حقوق حاصل ہیں—چاہے وہ باقاعدہ اوقاتِ کار ہوں، مناسب اجرت ہو یا بنیادی تحفظ—یہ کسی نے ہمیں تحفے میں نہیں دیے، بلکہ یہ دہائیوں کی انتھک جدوجہد، اتحاد اور قربانیوں کا نتیجہ ہیں۔
تاریگامی نے خبردار کیا کہ گزشتہ دہائیوں میں جو حقوق حاصل کیے گئے تھے، وہ اب بڑھتی ہوئی معاشی ناہمواری اور لیبر قوانین کی کمزوری کی وجہ سے دوبارہ خطرے میں ہیں۔ انہوں نے کہا:
“جب تک لوگ آواز نہیں اٹھاتے، کوئی نہیں سنتا۔ تبدیلی تب ہی آتی ہے جب مزدور متحد ہو کر اپنے حقوق کا مطالبہ کریں۔”
انہوں نے بی جے پی کی قیادت والی حکومت کی پالیسیوں کو ‘مزدور دشمن’ قرار دیتے ہوئے حال ہی میں نافذ کیے گئے چار لیبر کوڈز کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
تاریگامی نے مزید کہا کہ یومِ مئی محض ماضی کی یاد منانا نہیں بلکہ ایک تحریک ہے—جو معاشرے کو سماجی انصاف، محنت کی عظمت اور دولت کی منصفانہ تقسیم کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے تمام محنت کشوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے بیدار اور منظم رہیں۔
اس تقریب میں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے مزدوروں اور ٹریڈ یونین لیڈروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔
یو این آئی۔م ا ع
جموں و کشمیر
بہتر ریل خدمات سے معیشت اور صنعت دونوں کو تقویت: اشونی ویشنو
جموں، وزیر ریل اشونی ویشنو نے جمعرات کے روز کہا کہ بہتر ریلوے انفراسٹرکچر مقامی مصنوعات کی آسان نقل و حمل کو ممکن بنا کر جموں و کشمیر کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
مسٹر ویشنو نے آج سری نگر-کٹرا وندے بھارت ایکسپریس کی جموں توی تک توسیعی سروس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جموں توی اسٹیشن کو شمالی ہندوستان کے اہم ترین اسٹیشنوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے کے لیے ایک ‘گیٹ وے’ کی حیثیت رکھتا ہے۔ کنیا کماری، ہاوڑہ، ممبئی اور دیگر بڑے شہروں سے براہِ راست رابطے کی وجہ سے یہ اسٹیشن عوامی آمد و رفت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
وزیر ریل نے کہا کہ جموں و کشمیر، جسے اکثر “زمین پر جنت” کہا جاتا ہے، اپنی قدرتی خوبصورتی، برف پوش پہاڑوں اور پرسکون جھیلوں کے لیے مشہور ہے۔ بہتر ریل رابطوں سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔ ملک بھر سے زیادہ سے زیادہ لوگ یہاں کے مناظر اور متحرک ثقافت کا تجربہ کر سکیں گے۔
اشونی ویشنو نے واضح کیا کہ ریلوے کا نظام یہاں کی مقامی صنعتوں کے لیے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہو رہا ہے۔ یہاں کے خشک میوہ جات، پشمینہ شال، سیب اور ہاتھ سے بنے قالینوں کی ملک بھر میں زبردست مانگ ہے۔ بہتر ریل رابطے کے باعث یہ سامان اب ملک کی بڑی منڈیوں تک تیزی سے اور کم لاگت میں پہنچ رہا ہے، جس سے مقامی لوگوں کے روزگار میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتنی زیادہ بلندی پر ریل کا آپریشن ہندوستان کا پہلا تجربہ ہے، جو مستقبل کے منصوبوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔ اس ریل لائن نے مال برداری میں بہتری لائی ہے، جس سے کھاد، دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات کی ترسیل آسان ہوگئی ہے۔ چیری جیسی نازک فصلوں کو اب پارسل سروس کے ذریعے براہِ راست مارکیٹ بھیجا جا رہا ہے، جس سے کسانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
وزیر موصوف نے اختتام پر کہا کہ مستقبل میں ہمالیہ کے علاقوں میں ریل کے سفر کو محفوظ اور قابل بھروسہ بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی، پلوں اور سرنگوں کی دیکھ بھال کے نظام کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
وزیر ریل اشونی ویشنو نے جموں و کشمیر میں ریلوے کی ترقی کے حوالے سے مزید اہم تفصیلات فراہم کرتے ہوئے اسے خطے کے لیے ایک “انقلابی تبدیلی” قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک کی تکمیل سے وادی کشمیر اب ملک کے باقی ریل نیٹ ورک سے مکمل طور پر جڑ چکی ہے۔ دنیا کے بلند ترین چناب ریل پل اور انجی کھڈ پل جیسے انجینئرنگ کے بے مثال نمونوں نے ہر موسم میں بلاتعطل ریل رابطے کو یقینی بنا دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس انفراسٹرکچر کی بدولت مال برداری کے وقت میں نمایاں کمی آئی ہے اور وادی قومی سپلائی چین کا اہم حصہ بن گئی ہے۔
اشونی ویشنو نے ریلوے منصوبوں کے معاشی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ بہتر انفراسٹرکچر کے باعث مقامی تجارت کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر سے ملک کے دیگر حصوں تک اب تک تقریباً دو کروڑ کلو گرام سیب ریلوے کے ذریعے پہنچائے جا چکے ہیں، جبکہ بہتر لاجسٹکس کی بدولت ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے۔ مثال کے طور پر سیمنٹ کی نقل و حمل سستی ہونے سے اس کی قیمت میں فی بوری تقریباً 50 روپے تک کی کمی دیکھی گئی ہے۔ مزید برآں غذائی تحفظ کے تحت جنوری میں 2,768 میٹرک ٹن چاول لے جانے والی پہلی مال گاڑی اننت ناگ پہنچی، جبکہ اس سے قبل اناج اور گجرات سے نمک کی ترسیل بھی ریل کے ذریعے ممکن ہوئی۔
انہوں نے نئی تجارتی راہوں کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد سے جموں و کشمیر کے لیے پہلی بار ڈیری مصنوعات کی مال گاڑی روانہ کی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ امیزون نے بھی وادی میں اپنی خدمات شروع کر دی ہیں، جس کے تحت آدرش نگر سے بڈگام تک سامان کی ترسیل اب 30 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ممکن ہو گئی ہے، جو ای-کامرس کے فروغ میں اہم پیش رفت ہے۔
مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے وزیر ریل نے بتایا کہ جموں توی اسٹیشن کی تعمیرِ نو اور توسیع کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ بڑھتی ہوئی مسافروں کی تعداد کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس کے علاوہ قاضی گنڈ اور بارہمولہ کے درمیان ریلوے لائن کی ڈبلنگ کا عمل جاری ہے، جس سے سفر مزید تیز اور آسان ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پونچھ-راجوری ریل لنک اور اڑی-بارہمولہ توسیع جیسے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کے مکمل ہونے سے دور دراز اضلاع پہلی بار قومی ریل نیٹ ورک سے جڑیں گے اور تعلیم، صحت اور مقامی صنعتوں کو تقویت ملے گی۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف سرحدی اور دور دراز علاقوں تک رسائی میں اضافہ ہوگا بلکہ وہاں کے شہریوں کی زندگی میں خوشحالی آئے گی اور سیاحت کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
یو این آئی۔ م ع
جموں و کشمیر1 week agoپہلگام میں محسوس ہوتی عجیب خاموشی
جموں و کشمیر4 days agoجموں و کشمیر کے لیے ترقی کا بڑا تحفہ؛ شیوراج سنگھ چوہان نے 3566 کروڑ روپے کے سڑک منصوبوں کی منظوری دے دی
ہندوستان7 days agoکیجریوال تاریخ کے سب سے شوقین شخص، نئی رہائش گاہ بھی شیش محل جیسی بنائی: پرویش سنگھ
ہندوستان7 days agoمئو سڑک حادثہ: میاں بیوی اور بیٹے سمیت پانچ افراد جاں بحق
دنیا1 week agoایران نے روس اور دیگر ممالک کو آبنائے ہرمز کے محصولات میں استثنیٰ دیا: سفیر
جموں و کشمیر4 days agoلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا زراعت میں فوری اصلاحات اور کسانوں کے تحفظ کا مطالبہ
دنیا7 days agoامریکہ-اسرائیل جنگ کو ختم کرنے کے لیے پاکستان میں مذاکرات بلواسطہ ہوں گے:ایران
دنیا7 days agoپاسداران انقلاب اور اسماعیل بقائی نے براہ راست مذاکرات یا ملاقات کے منصوبے کی تردید کردی
دنیا5 days agoآپ حملہ آور کا پیغام پڑھ رہی ہیں، آپ کو شرم آنی چاہیے: ٹرمپ
دنیا1 week agoجان کیری کا ایران جنگ سے متعلق بڑا انکشاف
ہندوستان1 week agoسپریم کورٹ نے مغربی بنگال کی ووٹر لسٹ سے نکالے گئے انتخابی افسران کی عرضیاں خارج کر دیں
دنیا1 week agoایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کو ناممکن قرار دیدیا، امریکی ناکہ بندی سے عالمی معیشت دباؤ کا شکار











































































































