اڈیشہ: 6 پارلیمانی، 42 اسمبلی سیٹوں کے انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری

بھونیشور، الیکشن کمیشن نے اڈیشہ میں انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 6 لوک سبھا اور 42 اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کا نوٹیفکیشن پیر کے روز جاری کیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 مئی ہے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ 7 مئی کو کی جائے گی جب کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 9 مئی مقرر کی گئی ہے۔

اڈیشہ کے تیسرے مرحلے میں لوک سبھا کی چھ سیٹوں سنبل پور، کیونجھر، ڈھینکنال، کٹک، پوری اور بھونیشور میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ ریاست کے 13 اضلاع میں پھیلی 42 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ بھی 25 مئی کو ہوگی۔

ریاست کے چیف الیکٹورل آفس (سی ای او) کے ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں کل 94,41,797 رائے دہندگان ہیں، جن میں 48,26,375 مرد ووٹر، 46,14,134 خواتین ووٹر اور 1,288 خواجہ سراء شامل ہیں، جو تیسرے مرحلے (قومی سطح پر چھٹے مرحلے) کی پولنگ میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ۔

اس مرحلے میں 10,515 پولنگ بوتھ پر ووٹنگ ہوگی جن میں سے 36 بوتھ کو معاون بوتھ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے جہاں ووٹر کی تعداد 1,500 سے زیادہ ہے۔

سی ای او کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ اسے چھ لوک سبھا اور 42 اسمبلی حلقوں سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے 2,143 شکایتیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 2,128 کو نمٹا دیا گیا ہے۔

یو این آئی۔ م ش۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں