پنڈتا کی ہلاکت کرائے کے ایجنٹوں نے کی:حزب المجاہدین

اجے کمار پنڈتا کا قتل قابل مذمت

سرینگر:حزب المجاہدین نے ایک تحریر میں کہا ہے کہ کشمیری پنڈت سرپنچ اجے کمار پنڈتا کا قتل ایجنسیوں کی ائمہ پر کرائے کے ایجنٹوں نے کیا۔کے این ایس کو حزب المجاہدین کے آپریشنل ترجمان، برہان الدین کی جانب سے بھیجے گئے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قتل کا واحد مقصد”تحریک آزادی“ کشمیر کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر بدنام کرنا ہے جبکہ حزب اس قتل کی مذمت کرتی ہے۔

حزب آپریشنل ترجمان برہان الدین نے کہا ’فورسز حکام کا وہ بیان مضحکہ خیز ہے، جس میں انہوں نے اس قتل کا الزام حزب پر لگاکرزمینی حقائق چھپانے کی مذموم کوشش کی ہے‘۔

برہان الدین نے واضح کیا کہ حزب المجاہدین جموں و کشمیر انسان دوستی کے نظرئیے کی روشنی میں صرف اور صرف فورسز اور اس کے مسلح ایجنٹوں اور گماشتوں سے پچھلی تین دہائیوں سے مصروف عمل ہے اور حصول منزل تک اپنے اس اس نظرئے پر ہی کاربند رہے گی۔

حزب المجاہدین کے آپریشنل ترجمان، برہان الدین نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ حزب جموں وکشمیر کی وہ واحد مقامی تنظیم ہے جس میں غیر مسلم بھی شامل ہیں اور تاریخ گواہ ہے کئی ہمارے غیر مسلم بھائیوں جن میں ڈوڈہ ڈویژن کے ڈویژنل کمانڈر کلدیپ کمار شامل ہیں،جس نے حزب کے پرچم تلے فورسز کے ساتھ لڑتے لڑتے جان،جاں آفرین کے سپرد کردی ہے۔

حزب ترجمان نے ہفتہ رفتہ کے جاں بحق عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کا مقدس خون ضائع نہیں ہوگا اوریہ خون ضرور ایک دن رنگ لائے گا۔تاہم انہوں نے عسکریت پسندوں کو غداروں اور مخبروں سے ہوشیار رہنے کی اپیل بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں