رام بن اراضی دھنسنے کا واقعہ:متاثرین کے لئے آپریشنل کچن قائم: ضلع انتظامیہ

جموں، جموں وکشمیر کے ضلع رام بن کے برنوٹ علاقے میں اراضی دھنسنے کا واقعہ پیش آنے کے بعد ضلع انتظامیہ نے متاثرہ کنبوں کی مدد کے لئے دن رات چلنے والا آپریشنل کچن قائم کیا ہے۔

ضلع مجسٹریٹ رام بن بصیر الحق نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘رام بن ضلع انتطامیہ کی طرف سے کوششیں جا رہی ہیں، پرنوٹ میں کیمپ کی جگہ پر متاثرہ کنبوں کی مدد کے لئے دن رات چلنے والا آپریشنل کچن قائم کیا گیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ بچائو کارروائیوں اور باز آباد کاری کی کوششوں کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

ضلع مجسٹریٹ رام بن نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘بے گھر کنبوں کو در پیش مسائل کے فوری حل کے لئے ایک ایمرجنسی آپریشن سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ پرنوٹ میں زمین دھنسنے اور رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچنے سے پیدا شدہ صورتحال سے فوری طور نمٹا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ متاثرین کو موثر امداد فراہم کرنے کی کوششوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ادھر ضلع مجسٹریٹ بصیرالحق نے پرنوٹ، جو ضلع صدر مقام سے پانچ کلو میٹر دوری پر واقع ہے، کا دورہ کرکے متاثرین کو بھر پور مدد کی یقین دہانی کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ گول سب ڈویژن کو ضلع ہیڈ کوارٹر کے ساتھ جوڑنے کے لئے متبادل سڑک کو تیار کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ فروری 2023 میں سنگلدان کے دکسر دالوا گائوں میں زمین دھنس جانے سے کم سے کم 16 رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا تھا اور رام بن اور گول کے درمیان رابطہ منقطع ہوا تھا۔

واضح رہے کہ جموں وکشمیر کے رام بن ضلع کے پرنوٹ علاقے میں درمیانی شب اراضی دھنس جانے سے 40 سے 50 رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ 20مکان پوری طرح سے زمین بوس ہو گئے۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں