سپریم کورٹ نے کیجریوال سے پوچھا کہ انہوں نے نچلی عدالت میں ضمانت کی درخواست کیوں داخل نہیں کی

نئی دہلی، سپریم کورٹ نے دہلی ایکسائز پالیسی گھپلہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں عدالتی حراست میں تہاڑ جیل میں بند دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے پیر کو پوچھا کہ انہوں نے دہلی ایکسائز پالیسی گھپلہ میں نچلی عدالت میں ضمانت کی عرضی کیوں داخل نہیں کی؟

جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس دیپانکر دتہ کی بنچ نے عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر مسٹر کیجریوال کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے یہ سوال پوچھا، جس میں انہوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ اپنی گرفتاری کو چیلنج کیا ہے۔

بنچ نے مسٹر کیجریوال کی جانب سے عدالت میں حاضر ہونے والے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی سے پوچھا ’’آپ نے ٹرائل کورٹ کے سامنے ضمانت کے لیے کوئی درخواست نہیں دی؟‘‘

ڈاکٹر سنگھوی نے جواب دیا کہ ہم نے عرضی دائر کرکے ای ڈی کی گرفتاری کو چیلنج کیا تھا۔

اس پر بنچ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پھر ضمانت کی درخواست نہیں؟
مسٹر سنگھوی نے جواب دیا ’’ہاں، اس عدالت کا دائرہ اختیار وسیع ہے۔‘‘

بنچ نے مزید کہا ’’ہم یہ نہیں پوچھ رہے کہ کیوں… ہم صرف حقائق کی بات کررہے ہیں۔‘‘

مسٹر سنگھوی نے کہا ’’میں نے ایک جوابی نوٹ اور ایک ابتدائی نوٹ بھی داخل کیا ہے۔

سپریم کورٹ اس معاملے کی اگلی سماعت منگل کو کرے گا۔

یو این آئی۔ این یو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں