سنبھل میں بس اور کار میں ٹکر، چار ہلاک، پانچ زخمی

سنبھل، اترپردیش میں سنبھل ضلع کے گننور علاقے میں جمعرات کو بس اور کار کے ٹکراجانے سے کار میں سوار دو خواتین اور دو بچیوں کی موت اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ رام پور ضلع کے سول لائنز علاقہ کا رہنے والا بھگونت سنگھ اپنے کنبہ اور رشتہ داروں کے ساتھ کار سے متھرا ورنداون جا رہا تھا۔ علی گڑھ مرادآباد نیشنل ہائی وے پر تھانہ گنور کے تحت گاؤں بیچ پوری کے نزدیک روڈ ویز کی بس کو اوور ٹیک کرتے وقت کار اور روڈ ویز کی بس میں ٹکر ہوگئی ۔

اس حادثے میں بھگونت سنگھ کی بیٹیاں رادھیکا (7) اور دھنشا (5) اور بھگونت سنگھ کی رشتہ دار شہزاد نگر کے حاجی پور گاؤں کی رہنے والی مینا (55) اور راج بالا (35) کی موت ہوگئی جبکہ بھگونت سنگھ، ان کی بیوی پریتی، بیٹا کرشنا اور بھگونت سنگھ کا رشتہ دار پشپیندر اور ایک بچہ کمل زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو علاج کے لیے سی ایچ سی گنور لے جایا گیا جبکہ دو شدید زخمیوں کو علی گڑھ ہائر سنٹر ریفر کر دیا گیا ہے۔

یو این آئی۔ م ع۔ 2150

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں