دہلی کانگریس کے سابق صدر ارویندر سنگھ لولی، راجکمار چوہان بی جے پی میں شامل

نئی دہلی، قومی دارالحکومت دہلی میں عام آدمی پارٹی ( آپ ) کے ساتھ انتخابی اتحاد کے خلاف احتجاج میں دہلی پردیش کانگریس کے صدر کا عہدہ چھوڑنے والے پارٹی کے ممبر اسمبلی ارویندر سنگھ لولی ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوگئے۔

مسٹر لولی کے ساتھ دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر اور کانگریس لیڈر امت ملک، دہلی حکومت کے سابق وزیر راج کمار چوہان، دہلی پردیش کانگریس لیڈر نیرج بسویا اور نصیب سنگھ نے بھی یہاں بی جے پی کے مرکزی دفتر میں بی جے پی کی رکنیت لی۔

بی جے پی کے ترجمان انل بلونی نے کانگریس سے بی جے پی میں آنے والے دہلی کے لیڈروں کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور بی جے پی کے جنرل سکریٹری ونود تاوڑے بھی موجود تھے۔

مسٹر تاوڑے اور مسٹر پوری نے مسٹر لولی اور ان کے ساتھی لیڈروں کا بھارتیہ جنتا پارٹی میں خیرمقدم کیا اور انہیں بی جے پی کا انتخابی نشان زعفرانی رنگ کا پٹکا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

دہلی میں لوک سبھا کی سات سیٹوں کے لیے 25 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔

اس موقع پر مسٹر پوری نے کہا کہ پارٹی نہ صرف ان لیڈروں کی خدمات کو بروئے کار لائے گی بلکہ ان کی خدمات کو بھی بروئے کار لائے گی جو کانگریس پارٹی سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے کنبے کے رکن بن گئے ہیں۔

مسٹر لولی اور دیگر لیڈر دہلی میں لوک سبھا سیٹوں پر آپ کے ساتھ کانگریس کے انتخابی سمجھوتے سے غیر مطمئن تھے۔

اس سمجھوتے میں دہلی کی تین سیٹوں پر کانگریس کے امیدوار ہوں گے اور چار سیٹوں پر آپ کے امیدوار لوک سبھا الیکشن لڑیں گے۔

یو این آئی ۔ ع خ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں