کھڑگے اور راہل نے لوگوں سے اپنے حقوق کی حفاظت کے لیے ووٹ دینے کی اپیل کی

نئی دہلی، کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے منگل کو ملک کے لوگوں سے لوک سبھا کے تیسرے مرحلے کی ووٹنگ کے لیے بڑی تعداد میں باہر آنے اور اپنے حقوق کی حفاظت کے لیے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔

مسٹر کھڑگے نے لوگوں سے سمجھداری سے ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن ایک ایسے ہندوستان کی تعمیر کرسکتا ہے جہاں انصاف کی بالادستی ہوگی۔

کانگریس صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا ’’آئین کو بچانے کے لیے ووٹ دیں۔ جمہوریت کی حفاظت کے لیے ووٹ دیں۔ میں آپ سے مخلصانہ گزارش کرتا ہوں کہ جمہوریت کا انتخاب کریں، تاکہ ہمارے ادارے اپنی آزاد شکل میں واپس آسکیں اور سفاکانہ طاقت کے انگوٹھے کے نیچے نہ دبیں۔ ہم لڑائی کے عین وسط میں ہیں۔ اب صحیح فیصلہ ایک ایسا ہندوستان بنا سکتا ہے جہاں انصاف کی بالادستی ہو۔

پانچ نیائے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ’’جب آپ ای وی ایم کا بٹن دباتے ہیں، تو ذہن میں رکھیں کہ آپ نہ صرف اپنے مستقبل کا فیصلہ کر رہے ہیں، بلکہ 140 کروڑ ساتھی ہندوستانیوں کے اجتماعی مستقبل کا فیصلہ کر رہے ہیں۔‘‘

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی لوگوں سے اپیل کہ وہ بڑی تعداد میں باہر آئیں اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ووٹ دیں۔

مسٹر گاندھی نے ایکس پر لکھا ’’یاد رکھیں، یہ کوئی عام الیکشن نہیں ہے، یہ ملک کی جمہوریت اور آئین کی حفاظت کے لیے انتخاب ہے۔‘‘

لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 11 ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 93 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہورہی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔

یو این آئی۔ این یو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں