لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے 93 سیٹوں پر ووٹنگ شروع ہو گئی

نئی دہلی، لوک سبھا انتخابات 2024 کے تیسرے مرحلے کے لیے 11 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 93 سیٹوں کے لیے ووٹنگ منگل کی صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ ان سیٹوں پر کل 17.24 کروڑ ووٹر 120 خواتین سمیت 1351 امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے تیسرے مرحلے میں جموں و کشمیر کی اننت ناگ راجوری سیٹ پر ووٹنگ کی تاریخ میں تبدیلی کی ہےاور اب یہاں چھٹے مرحلے کے ساتھ ساتھ 25 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ بہوجن سماج پارٹی کے امیدوار کے انتقال کی وجہ سے مدھیہ پردیش کے بیتول میں ووٹنگ کو دوسرے سے تیسرے مرحلے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور الیکشن کمشنرس گیانش کمار اور مسٹرسکھبیر سنگھ سندھو نے انتخابات کی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔ عام انتخابات 2024 کے تیسرے مرحلے کے ووٹنگ کے دن کے موقع پر ملک کے ووٹروں کے نام ایک پیغام میں کہا گیا کہ “آپ اپنا ووٹ ڈالیں اور ‘انتخابات کے تہوار، ملک کا فخر ‘ کے جشن میں شرکت کریں۔”

کمیشن کے مطابق تیسرے مرحلے میں ووٹ دینے کے حقدار 17.24 کروڑ سے زیادہ ووٹروں میں سے 8.85 کروڑ مرد اور 8.39 کروڑ خواتین ووٹر ہیں۔ ووٹ ڈالنے والوں میں 14.04 لاکھ ووٹر 85 سال سے زیادہ عمر کے ہیں اور 15.66 لاکھ معذور ووٹر تیسرے مرحلے میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ جنہیں اپنے گھر سے آرام سے ووٹ ڈالنے کا اختیار فراہم کیا گیا ہے۔ کمیشن کو پہلے ہی گھر میں ووٹنگ کی اس متبادل سہولت کے لیے زبردست پذیرائی اور ردعمل مل چکا ہے۔

یواین آئی۔ م س

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں