مودی حکومت نے عوام کو صرف مہنگائی اور بے روزگاری دیا ہے:پرینکا

رائے بریلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت نے اپنے دس سالہ میعاد کار میں ملک کو مہنگائی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔

اپنے بھائی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے حمایت میں بدھ کو عوامی رابطہ مہم کرنے یہاں پہنچی واڈرا نے بچھراواں اور تھلواسا میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کا واحد مقصد چنندہ سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانا ، ان کے قرض معاف کرنا ہے وہیں دوسری جانب عام آدمی کو پانچ کلو مفت راشن کا لالچ دے کر حکومت نے انہیں مہنگائی اور بے روزگاری کے دلدل میں ڈھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کے تئیں جہدکار راہل گاندھی کو روکنے کے بی جے پی حکومت نے تمام کوششیں کیں۔ انہیں پارلیمنٹ سے باہر نکالا، یہاں تک کہ انہیں گھر سے بھی بے دخل کردیا لیکن ملک کی آزادی کے بانی بابائے قوم مہاتما گاندھی کے اقدار پر چلتے ہوئےراہل گاندھی نے کشمیر سے کنیا کماری اور منی پور سے ممبئی تک کی ہزاروں کلو میٹر کی پد یاترا کر لوگوں کے مسائل کو سمجھا اور ان کی آواز بلند کی۔

پرینکا نے کہاسال 2014 سے پہلے کانگریس کی حکومت نے مہنگائی اور بے روزگار کی مار سے عوام کو بچانے کے لئے تمام اسکیمات چلائیں لیکن موجودہ حکومت صرف چند سرمایہ داروں کے لئے اسکیمات چلا رہی ہے۔ اسے ملک کی غریب عوام کی دکھ تکلیف سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ کھاد بیج مہنگے ہورہے ہیں۔ ملک کا کسان پریشان ہوکر خودکشیاں کررہا ہے وہیں مزدور کے پاس کوئی کام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں سرکاری اسامیاں خالی ہونے کے باوجود حکومت نوجوانوں کو روزگار کے لئے ترسائے ہوئے ہے۔ اگنی ویر اسکیم لاکر حکومت نے سرحد کے تحفظ کرنے والے نوجوانوں کا مستقبل بھی تاریکی میں ڈال دیا ہے۔

رائے بریلی سے خاندانی رشتہ جوڑتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی ماں سونیا گاندھی سال2004 سے یہاں سے ایم پی رہی ہیں۔ یہاں کی مٹی سے ان کے کنبے کا دل کا رشتہ ہے۔ گاندھی صحت وجوہات سے گذشتہ کچھ وقت سے رائے بریلی نہیں آسکیں لیکن وہ دہلی میں بیتھ کر بھی یہاں کے لوگوں کے مسائل کو نہ صرف جانتی سمجھتی رہیں بلکہ مخالف حالات میں بھی عوامی مسائل کے تصفیہ کی پوری کوشش کی۔

اب میرے بھائی راہل کو رائے بریلی کی عوام کے آشیرواد کی ضرورت ہے۔ انہیں پورا اعتماد ہے کہ رائے بریلی کا پیار ان کے کنبے کو پہلے کی طرح ہی ملتا رہے گا۔

یواین آئی۔ولی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں