ووٹ دینے میں اگر آج غفلت کی تو آنے والا کل معاف نہیں کرے گا : ڈاکٹر ایوب سرجن

پرتاپ گڑھ، پارلیمانی انتخاب کے ابھی چند مرحلے باقی ہیں ،ایسے میں جو مرحلے گزر چکے ہیں، اس میں مسلمانوں کا امتحان ہو چکا ہے،اور آئندہ مرحلوں میں ابھی امتحان باقی ہے،ایسے موقع پر اس بات کو سمجھنا بے انتہا ضروری ہے کہ ہمارا ووٹ بہت قیمتی ہے ، اگر مسلمانوں نے سیاسی بصیرت کے ساتھ ووٹ کیا ہے تو اس کا اثر بہت دور تک پڑے گا ۔ مسلمانوں نے اگر ووٹ دینے میں غفلت کی تو آنے والا کل انہیں معاف نہیں کرے گا۔ نام نہاد سیکولر پارٹیوں کے چکر میں پڑ کر اپنا ووٹ ضائع نہ کریں بلکہ اپنی قیادت کو ترجیح دیں ۔پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے مسلم ووٹوں پر تبصرہ کرتے ہوئے مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ مسلم سماج سیاسی بصیرت کے ساتھ اپنی بقاء کے لئے اپنا قیمتی ووٹ ڈالنے کے لئے انتخاب کے روز پولنگ بوتھ تک ضرور جائیں ،اور خصوصی طور سے خواتین کو ووٹ دلانے ضرور ساتھ لے جائیں ۔ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں ،یہ آپ کے سیاسی اور ملک کے مستقبل کا سوال ہے ۔ ووٹ ایک امانت و گواہی ہے ،اور گواہی اسی کے حق میں دیں جو اس کے لائق ہو ۔انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کے ووٹوں پر تمام نام نہاد سیکولر پارٹیوں کی گدھ نظر ہے ،اور وہ گمراہ کر آپ کے ووٹوں کو حاصل کرنے میں کوشاں ہیں ،ہر نام نہاد سیکولر پارٹی اس وقت مسلمانوں کے تئیں مبینہ ہمدردی کا مظاہرہ کر رہیں ہیں ۔ مسلمانوں کو سیاسی مشاہد کے بعد جو نام نہاد سیکولر پارٹی ووٹ کے لئے آئیں خصوصی طور سے کانگریس ،سماج وادی پارٹی و بی ایس پی سے سوال ضرور کریں کہ انہوں نے اپنے دورے اقتدار میں مسلم مفاد میں ایسا کون سا کام کیا ہے ؟ جس کی بنیاد پر ووٹ دیا جائے، ان کے پاس اس کا جواب نہیں ہوگا ۔پیس پارٹی ایک عرصے سے مسلم سماج کے مابین یہی سوال کر رہی ہے کہ ان سیکولر پارٹیوں نے کیا دیا ہے؟مسلمانوں کا مفاد ان کی قیادت میں ہے ،جب قیادت مضبوط ہوگی تو مسائل اپنے آپ ختم ہو جائیں گے ،اس لئے مسلم سماج سے درخواست ہے کہ وہ اپنا ووٹ سوچ سمجھ کر اپنی قیادت کے مفاد میں کریں اور ووٹوں کو ضائع نہ کریں ۔ڈاکٹر ایوب نے کہا کہ ووٹ دینے ضرور جائیں ،اور ای وی ایم کا بٹن دبانے سے قبل اپنے سیاسی مستقبل کا ضرور خیال رکھیں۔

یواین آئی -ع کریم خاں -م ا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں