انڈیا الائنس کے نمائندوں کی الیکشن کمیشن سے ملاقات، شکایات پر کوئی کارروائی نہ ہونے کی شکایت

نئی دہلی، کانگریس اور اپوزیشن انڈیا الائنس کے نمائندوں نے جمعہ کو یہاں الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور شکایت کی کہ کمیشن کے ذریعہ حکومتی نمائندوں کے خلاف ان کی شکایات پر غور نہیں کیا جا رہا ہے۔

میٹنگ کے بعد ان لیڈروں نے کہا کہ انہوں نے کمیشن سے ووٹنگ فیصد ڈیٹا جاری کرنے میں تاخیر اور وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف درج ان کی شکایات پر کارروائی نہ کرنے کی وجہ پوچھی ہے۔

کمیشن کے ہیڈکوارٹر سے باہر آتے ہوئے، کانگریس لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی نے نامہ نگاروں کو بتایا، “ہم انڈیا اتحاد کے تمام رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹے تک بات کی اور اس دوران ہم نے بنیادی طور پر دو اہم مسائل کو اٹھایا۔ ہم نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے کمیشن میں سینکڑوں شکایات درج کرائی ہیں۔ صرف کانگریس نے اپریل سے اب تک وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف 11 شکایات درج کرائی ہیں، لیکن کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی‘‘۔

انہوں نے کہا، “کمیشنسے دوسری شکایت یہ تھی کہ ان انتخابات میں ووٹنگ فیصد کے اعداد و شمار جاری کرنے میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے۔ ووٹنگ کے اعداد و شمار جاری کرنے میں چار دن کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے تھی۔ اگر اعداد و شمار وقت پر جاری ہو جائیں تو پھر کوئی قیاس یا شک نہیں ہے۔

مسٹر سنگھوی نے کہا کہ مختلف پارٹیوں نے کمیشن کے سامنے 1520 سے زیادہ شکایات درج کرائی ہیں اور ان میں سے زیادہ تر شکایات وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے بہت سی شکایات اپریل کی ہیں، اب الیکشن ختم ہونے کو ہیں، لیکن ان پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

یواین آئی، م ش

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں