منظور ڈار کی IPL سلیکشن نے نوجوانوں میں کرکٹ کے حوالے سے نیا جوش پیدا کیا

خبر اردو خصوصی رپورٹ
شادی باغ (بانڈی پورہ)//”زندگی میں انسان جوخواب دیکھتا ہے،اسے وہی لوگ شرمندہ تعبیر کرتے ہیں جو مشکل ومصائب کو آڑے آنے نہیں دیتے۔“

ایسا ہی ایک خواب بانڈی پورہ کے منظور احمد ڈارنے بچپن سے دیکھاتھا کہ وہ کرکٹ کھلاڑی بن کر نہ صرف علاقہ بلکہ ریاست اور ملک کا نام روشن کرے گا۔

منظور احمد ڈار کی زندگی نشیب و فراز سے بھری پڑی ہے اور کنبہ کی کفالت کرنے کیلئے محنت مزدوری بھی کی ہے۔ لیکن کرکٹ کے جذبہ اور اپنے خواب کو پورا کرنے کیلئے میدان سے ناطہ نہیں توڑااور کرکٹ مقابلوں کے دوران منظور احمد نے متعدد انعامات جیتے ہیں۔

منظور احمد کاکہنا ہے کہ”مجھے کرکٹ کھلاڑی بننے کا شوق بچپن سے تھا اور زندگی میں کچھ بھی حاصل کرنے کیلئے محنت کرنا ضروری ہے، میں علاقہ اور ریاست کا نام روشن کرنے کیلئے آئی پی ایل مقابلوں میں بہترین کارکردگی کامظاہرہ کروں گااور کوشش رہے گی کہ بین الاقوامی سطح پر اپنا نام شامل کروں“۔

واضح رہے 24 سالہ منظور احمد شمالی کشمیر کے ایک چھوٹے سے گاﺅں شادی باغ ضلع بانڈی پورہ کے رہنے والے ہیں اور سیکورٹی گارڈ کے طور پر ایک نجی کمپنی میں اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔

”مجھے فخر ہے کہ میں منظور کی ماں ہوں ۔آئی پی ایل میں اُس کے انتخاب ہونے سے نہ صرف گاﺅں کا نام بلکہ ریاست کا نام بھی روشن ہوا ہے .

منظور ڈار جو منظور پانڈو کے نام سے اپنے علاقے میں مشہور ہے ، کی سلیکشن بولی کے دوران 20 لاکھ روپے کے عوض ’کنگس الیون ‘پنجاب میں ہوئی ہے اور اُنہیں ایک سنہرے موقع کے طور پر ،عالمی شہرت یافتہ کریکٹر کرس گیل، یوراج سنگھ اور دیگر باقی بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا۔

اُن کے آبائی گاﺅں میں ابھی بھی جشن کا ماحول ہے اور اُن کے گھر میں مبارکبادی کےلئے آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے اور مٹھائیاں تقسیم ہورہی ہں ۔

منظور پانڈو کے اُستا د کا کہنا ہے کہ انکی سلیکشن سے گاﺅں کے نوجوانوں اور بچوں میں کرکٹ کےلئے جوش و ولولہ پیدا ہوا ہے اورکرکٹ شائقین اور نوجوانوں و بچوں کے حوصلوں کو نئی جلا ملی ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ علاقہ کے لوگ منظور احمد کی کرکٹ مقابلوں میں بہترین کارکردگی کیلئے دعائیں کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ منظور احمد آئی پی ایل میں کشمیر سے منتخب ہونے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل آئی پی ایل مقابلوں میں عابد نبی اور پرویز رسول منتخب ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں