پی ڈی پی باغی ممبران پیسے کی لالچ میں بھاجپا کے ساتھ ایک اور غیر مقدس اتحاد کرنے کی کوشش میں ،طارق حمید قرہ کا انکشاف

سری نگر: کانگریس کے سینئر لیڈراور سابق ممبر پارلیمنٹ طارق حمید قرہ نے کہا کہ پی ڈی پی سے وابستہ بعض ممبران اسمبلی بی جے پی کے ساتھ حکومت سازی کے لیے پرتول رہے ہیں، اور اس طرح ریاست میں ایک اور غیر مقدس اتحاد تشکیل پاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سازی کے لیے ممبران اسمبلی کو بھاری رقومات کے عوض خریدنے کی مہم زوروں پر ہے اور ممکنہ طور پر امرناتھ یاترا کے مابعد ریاست میں حکومت تشکیل پاسکتی ہے۔طارق حمید قرہ نے بتایا کہ میں نے کئی مواقع پر یہ بات پہلے ہی واضح کردی تھی کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ غیر مقدس اتحاد کرنے پر پی ڈی پی کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ کانگریس کے سینئر لیڈراور سابق ممبر پارلیمنٹ طارق حمید قرہ نے ریاست میں جاری حکومت سازی کے حوالے سے کی جارہی درپردہ کوششوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کے کئی بعض ممبران اسمبلی بی جے پی کے ساتھ حکومت سازی میں شامل ہونے کے لیے پرتول مار رہی ہے۔ پی ڈی پی میں اندرونی انتشار سامنے آنے کے بعد یہ بات عیاں ہوگئی ہے کہ پارٹی دو حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے جو ممکنہ طور پر بی جے پی کو حمایت دے کر امر ناتھ یاترا کے بعد حکومت تشکیل دینے کی کوششوں میں مصروف عمل دکھائی دے رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی نے عوامی منڈیٹ کے ساتھ دھوکہ کرتے ہوئے بی جے پی کے ساتھ غیرمقدس اتحاد کرتے ہوئے خود اپنے پیروں پر کلہاڑی مار دی ہے ،جس کے نتیجے میں آج پی ڈی پی تقسیم در تقسیم ہوکر رہ گئی ۔طارق حمید قرہ نے کہا کہ انہوں نے گزشہ ماہ 24جون 2018کو ایک ٹویٹ کے دوران کہا تھا کہ مرحوم مفتی محمد سعید اور محبوبہ مفتی کے سب سے زیادہ وفاداری کے گیت گانے والا شخص بی جے پی کے ساتھ ایک اور غیر مقدس اتحاد امر ناتھ یاترا کے بعد عمل میں لانے جارہا ہے اور وہ وفادار شخص یہ اتحاد بھاری رقم کی لالچ میں کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ یہ سب کچھ ایک منصوبہ بند پروگرام کے تحت عمل میں لایا جارہا ہے اور اس مذموم عمل کے تحت ممبران اسمبلی علیحدہ میٹنگ منعقد کرکے پارٹی صدر اور قائد محبوبہ مفتی کو بے اختیار کردیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ علیحدہ گروہ بی جے پی کے ساتھ حکومت سازی میں اپنا کردار ادا کرے گا اور ممکنہ طور پر محبوبہ مفتی کے قریبی ہی ان کو پارٹی سے باہر کا راستہ دکھائیں گے۔KNS

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں