ہائی کورٹ میں بجلی اور ہیٹنگ سسٹم کی خرابی پر ڈویژن بینچ کی حکومت کو سرزنش

سری نگر، جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے پیر کے روز سری نگر ونگ میں بجلی کی عدم فراہمی کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے چیف سکریٹری سے اس مسئلے کے دائمی حل کے لئے مداخلت کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پیر کی صبح جموں و کشمیر لداخ ہائی کورٹ میں بجلی کی آنکھ مچولی ، جنریٹر اور ہیٹنگ سسٹم کی خرابی کا ڈویژن بینچ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے مسئلے کے دائمی حل کے لئے چیف سیکریٹری سے فوری مداخلت کا حکم دیا ہے۔

جموں وکشمیر لداخ ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ جسٹس اتل سیردھرن اور جسٹس موکشا کھجوریہ نے کہاکہ عدالتی اوقات کے دوران ہائی کورٹ احاطے کو مکمل طورپر بجلی کی عدم دستیابی کا سامنا کرناپڑا اور حیرانگی کا مقام یہ ہے کہ ہائی کورٹ میں جنریٹر اور ہیٹنگ سسٹم بھی کام نہیں کررہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ افسوسناک اور ناقابل یقین ہے کہ جموں وکشمیر لداخ ہائی کورٹ کو بجلی کی عدم دستیابی کاسامنا ہے ۔

ڈویژن بینچ نے کہاکہ عدالتی اوقات کے دوران پیر کی صبح نو بجکر 45منٹ سے 11بجکر 28منٹ تک بجلی بحالی نہیں کی گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ معاملہ بد سے بدتر ہوتا چلا گیا اور اس حوالے سے مستقل حل ناگزیر ہے۔

ڈویژن بینچ نے جموں وکشمیر کے چیف سیکریٹری کو ہدایت دی کہ اس مسئلے کو فوری طورپر حل کیا جائے اور یہ کہ ہائی کورٹ کے لئے ایک علیحدہ بجلی لائن رکھی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی صورتحال کا دوبارہ سامنا نہ کرناپڑے۔

انہوں نے مزید کہاکہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ ونگ سری نگر کے لئے جدید جنریٹری سسٹم جو پورے ہائی کورٹ احاطے کو بغیر خلل کے برقی رو فراہم کر سکے کو بھی نصب کیا جائے۔

ڈویژن بینچ نے اس معاملے کی اگلی سماعت 21فروری کو مقرر کی ہے ۔

یواین آئی-ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں