برف و باراں کا شاخسانہ: کشمیر کا ملک کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع

سری نگر، وسیع پیمانے پر برف وباراں کے باعث وادی کشمیر کا ملک کے باقی حصوں کے ساتھ منگل کو بھی زمینی رابطہ منقطع رہا۔

ٹریفک حکام کے مطابق جہاں وادی کو ملک کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے بند ہے وہیں سری نگر – لیہہ شاہراہ اور اور تاریخی مغل روڈ بھی برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے لئے بند ہے۔

ٹریفک حکام نے بتایا کہ دلواس، پیر ہا، مہاد – کیفٹیریا، جیسوال برج، ترشول موڑ، سیری، ٹی ٹو، مونکی موڑ، موم پاسی، گنگرو،ہنگنی مروگ، کشتواڑی پتھرچلواس پر پتھر کھسک آنے کی وجہ سے سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک بند ہے۔انہوں نے لوگوں سے قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے پرہیز کرنے کی صلاح دی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ لوگ موسم بہتر ہونے سے قومی شاہراہ پر سفر نہ کریں اور اس سلسلے میں متعلقہ ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ کریں۔

ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر گذشتہ کئی روز سے ٹریفک بند ہے جبکہ سری نگر- لیہہ شاہراہ پر بھی برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے۔

علاوہ ازیں بھدر واہ – چمبا روڈ اور کشتواڑ – سنتھن- اننت ناگ روڈ بھی ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند ہیں۔

بتادیں کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 21 فروری کی دوپہر تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بالائی علاقوں میں بھاری برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کو امکان ہے۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں