جموں وکشمیر: وزیر اعظم نے 32 ہزار کروڑ روپیوں کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا

جموں، وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز جموں وکشمیر میں 32 ہزار کروڑ روپیوں سے زیادہ کی لاگت کے تعلیم، ہوا بازی اور سڑک جیسے شعبوں سمیت متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔انہوں نے جموں سے ملک بھر کے لئے ساڑھے 13 ہزار کروڑ روپیوں کی مالیت کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد بھی رکھا۔

وزیر اعظم نے جن پروجیکٹوں کا افتتاح کیا ان میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئیآئی ٹیز)، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ (آئی آئی ایمز) اور سینٹرل یونیورسٹیاں شامل ہیں۔

انہوں نے جموں وکشمیر کے حال ہی میں بھرتی ہونے والے قریب 15 سو ملازمین میں تقرری کے خطوط تقسیم کئے اور وکست بھارت، وکست جموں پروگرام کی مختلف اسکیموں کے تحت استفادہ کنندگان سے بات چیت بھی کی۔

نریندر مودی نے جن ریل وے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا ان میں بانہال – کھاری – سمبر – سنگلدان (48 کلو میٹر) ریلوے لائن اور بارہمولہ – سری نگر – بانہال – سنگلدان سیکشن (185.66 کلو میٹر) برقی ریلوے لائن شامل ہیں۔انہوں نے وادی کی پہلی برقی ریل اور سنگلدان اسٹیشن سے بارہمولہ اسٹیشن تک ریل سروس کا افتتاح کیا۔

نریندر مودی نے ملک کے تین نئے آئی آئی ایمز کا بھی افتتاح کیا جن میں آئی آئی ایم جموں، آئی آئی ایم بودھ گیا اور آئی آئی ایم وشاکھا پٹنم شامل ہیں علاوہ ازیں انہوں نے کیندریہ ودیالیوں کے لئے 20 نئی عمارتوں اور ملک بھر میں جواہر نوودیا ودیالیوں کی 13 نئی عمارتوں کا بھی افتتاح کیا۔

جموں وکشمیر کے لوگوں کو جامع طبی نگہداشت کی خدمات فراہم کرنے کے لئے انہوں نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز وجے پور سابنہ کا بھی افتتاح کیا۔

دیگر پروجیکٹوں کے علاوہ وزیر اعظم نے جموں ہوائی اڈے پر ایک نئی ٹرمینل عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔انہوں نے جموں کو کٹرہ سے جوڑنے والے 44.22 کلو میٹر طویل دہلی – امرتسر – کٹرا ایکسپریس وے کے دوسرے اسٹریچ اور سری نگر رنگ روڈ کو فور لین کرنے کے دوسرے مرحلے سمیت کئی دوسرے اہم سڑک پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعظم نے جموں میں سی یو ایف (عام صارف کی سہولیت) کے پٹرولیم ڈپو کو بھی تیار کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں