سری نگر، وادی کشمیر میں وسیع پیمانے پر برف باری کے بعد جہاں ایک طرف موسم میں بہتری واقع ہوئی ہے وہیں شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہوئی ہے اور سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5.5 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 34 سینٹی میٹر، پہلگام 50 سینٹی میٹر، کپوارہ میں 5 سینٹی میٹر، کوکر ناگ میں 59 سینٹی میٹر، گلمرگ میں 40 سینٹی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔
سیاحتی مقام گلمرگ جہاں آج یعنی 21 فروری سے کھیلو انڈیا کے سرمائی گیمز کا چوتھا ایڈیشن شروع ہونے والا ہے،میں اس وقت زائد از 4 فٹ برف جمع ہے۔
سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی میں موسمی صورتحال میں بہتری واقع ہوئی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 26 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 27 سے 29 فروری تک کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوا ہے گرچہ اس چلہ کے دوران بھی بھاری برف باری ہوسکتی ہے تاہم درجہ حرارت میں بتدریج بہتری ریکارڈ کی جائے گی۔
یو این آئی- ایم افضل