سری نگر، جموں وکشمیر ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جے کے ڈی ایم اے) نے یونین ٹریٹری کے دس اضلاع میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی ہے۔
ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایک ترجمان نے بدھ کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور کولگام میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کم درجے کے برفانی تودے گر آنے کا امکان ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ شمالی کشمیر کے بارہ مولہ اور بانڈی پورہ میں درمیانی درجے کے برفانی تودے گر آسکتے ہیں۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ ڈوڈہ ، کشتواڑہ ، پونچھ ، رام بن ، کپواڑہ اور گاندربل میں انتہائی خطرے والا برفانی تودا گر آنے کا امکان ہے۔
حکام نے لوگوں سے احتیاط برتنے کی تاکید کی ہے اور جن علاقوں میں برفانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں وہاں جانے سے اجتناب کرنے کو کہا ہے۔
بتادیں کہ ضلع گاندربل کے ہنگ سونہ مرگ علاقے میں بدھ کی صبح ایک بھاری برکم برفانی تودا گر آیا جس وجہ سے سڑک پر آمدورفت بند ہونے کے ساتھ ساتھ نالہ سندھ میں پانی کا بہاو اچانک بڑھ گیا۔
یو این آئی، ارشید بٹ