سری نگر، وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر جمعہ کے روز ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہے تاہم رامسو سیکٹر میں سنگل لین اور روڈ کی سطح خراب ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی رفتار سست ہے۔
انہوں نے ڈلواس، کیفٹیریا – مہاڑ، گنگروں میں سنگل لین ٹریفک اور ناشری اور نو یوگ ٹنل کے درمیان روڈ کی سطح خراب ہونے کے پیش نظر ڈرائیواروں سے لین ڈسپلن پر من و عن عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
حکام نے ڈرائیور حضرات سے رام بن اور بانہال کے درمیان چٹانیں کھسک آنے کے امکانات کے پیش نظر حتیاط برتنے کو کہا ہے۔
بتادیں کہ قومی شاہراہ پر جمعرات کو ہی درماندہ گاڑیوں کی نقل و حمل بحال ہوئی تھی۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ کشمیر کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ ، سری نگر – لیہہ شاہراہ اور سنتھن – کشتواڑ پر برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل مسلسل بند ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کے بند ہوتے ہی جہاں وادی کے بازاروں میں اشیائے خوردنی کی قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں بازار بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔
یو این آئی ایم افضل