آل انڈیا ریڈیو سری نگر تیکنیکی خرابی کی وجہ سے چار دنوں سے بند

سری نگر، آل انڈیا ریڈیو (اے آئی آر) سری نگر ٹرانسمٹر کسی تیکنیکی خرابی کی وجہ سے گذشتہ چار دنوں سے بند ہے۔بتادیں کہ سال 2014 کے قہر انگیز سیلاب کے بعد پہلی بار آل انڈیا ریڈیو سری نگر اتنی مدت تک بند رہا ہے۔

ستمبر 2014 میں وسیع پیمانے پر سیلاب کے بعد آل انڈیا ریڈیو سری نگر، جس کو پہلے ریڈیو کشمیر سری نگر کے نام سے جانا جاتا تھا، متاثرین اور حکومت کے درمیان رابطے کا واحد ذریعہ تھا۔

ریڈیو سننے کے ایک شیدائی اشفاق احمد نے بتایا: ‘یہ افسوس کی بات ہے کہ ایک ریڈیو اسٹیشن جو انتہائی اہمیت کا حامل ہے، گذشتہ تین دنوں سے بند ہے اور حد یہ ہے کسی کو کوئی پرواہ ہی نہیں ہے’انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات اور پرسار بھارتی کے چیف ایگزیکیٹو سے ٹرانسمشن کو فوری طور بحال کرانے کے لئے مداخلت کرنے کی اپیل کی’۔

حکام کا کہنا ہے کہ لوگ بدھ وار سے دنوں میڈیم ویو اور شارٹ ویو پر اپنے پسندیدہ پروگرام اور خبریں نہیں سن پا رہے ہیں جس سے لوگوں میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ناربل ٹرانسمٹر میں کوئی خرابی ہے جس کو سینئر افسر دور کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔

ناربل میں تعینات ایک ملازم نے بتایا کہ ملک کا ایک اہم ریڈیو اسٹیشن ہونے کے باوجود کوئی بھی اس خرابی کو دور کرنے کے لئے سنجیدہ نہیں ہے۔آل انڈیا ریڈیو کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اجے کمار دھورے نے بدھ کی شام، ریڈیو کے تکنیکی خرابی کے باعث بند ہونے کا اعتراف کیا۔انہوں نے یو این آئی کو بتایا: ‘ہم اس کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں’۔

اے آئی آر کے سابق ایڈینشل ڈائریکٹر جنرل رفیق مسعودی نے ریڈیو بند ہونے کو بدقسمتی سےتعبیر کرتے ہوئے کہا: ‘یہ موجودہ سربراہوں کی نا اہلی کا ثبوت ہے’انہوں نے کہا: ‘مجھے یاد ہے کہ دو منٹوں کی بریک کا سنجیدہ نوٹس لیا جاتا تھا’۔

ریڈیو کشمیر کا قیام یکم جولائی 1948 کو عمل میں لایا گیا۔ سال 1953 کے بعد ریڈیو آزاد کشمیر کا مقابلہ کرنے کے لئے ریڈیو کشمیر آل انڈیا ریڈیو کے کنٹرول میں لایا گیا۔جموں وکشمیر ری آرگنائزیشن ایکٹ 2019 کے بعد اس اسٹیشن کا نام تبدیل کرکے آل انڈیا ریڈیو سری نگر رکھا گیا۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں