سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک بحال

سری نگر، وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ہفتے کے روز دو طرفہ ٹریفک کی مشروط نقل و حمل بحال کر دی گئی۔

ٹریفک حکام نے بتایا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ہفتے کو دو طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی تاہم کشمیر جانے والی گاڑیوں کو 2 بجے دو پہر تک نگروٹہ کو عبور کرنا ہوگا جبکہ جموں جانے والی گاڑیوں کو 3 بجے دوپہر تک قاضی گنڈ کو عبور کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مقررہ شیڈیل کے بعد قومی شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

دریں اثنا جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل مسلسل بند ہے جبکہ سنتھن – کشتواڑ روڈ بھی ہنوز بند ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کے بند ہوتے ہی جہاں وادی کے بازاروں میں اشیائے خوردنی کی قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں بازار بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔

یو این آئی ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں