حول سری نگر میں بھیانک آتشزدگی، تین رہائشی مکان خاکستر، فائر مین زخمی

چسری نگر،جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے حول علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔

آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائر مین زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق پائین شہر کے حول علاقے میں بدھ کی شام کو رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو مکانوں کولپیٹ میں لے لیا۔

فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی انتھک کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ آگ کی اس واردات میں لاکھوں روپیہ مالیت کی گھریلو اشیاءراکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔

فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بدھ کی شام چھ بجکر 15منٹ پر حول سری نگر میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے ۔

انہوں نے کہاکہ علاقہ چونکہ گنجان ہے لہذا فائر اینڈ ایمرجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹرعاقب احمد کی قیادت میں دس فائر ٹینڈر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی ۔

ان کے مطابق آتشزدگی کی اس واردات میں تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں ۔
موصوف عہدیدار نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران مشتاق احمد نامی فائر مین زخمی ہوا جس سے علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں