نیشنل کانفرنس بی جے پی کی اے ٹیم ہے، این سی اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں :غلام نبی آزاد

جموں،جموں وکشمیر پروگریسیو آزاد پارٹی کے چیرمین غلام نبی آزاد نے بدھ کے روز کہاکہ نیشنل کانفرنس بھارتیہ جنتاپارٹی کی اے ٹیم ہے کیونکہ اٹل بہاری واجپائی کی سرکار میں عمر عبداللہ مرکزی وزیر تھے۔

انہوں نے کہاکہ مودی پارلیمنٹ میں ان کے جانے کی وجہ سے روئے تو وہ ان کی اچھائی کی وجہ سے روئے ہیں ۔

ان کے مطابق بے ایمان لوگوں کے لئے کوئی نہیں روتا ۔

ان باتوں کا اظہار موصوف نے ڈوڈہ میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ پروگریسیو آزاد پارٹی کو بھاجپا کی بی ٹیم کہنے والے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں کہ اٹل بہاری واجپائی کی سرکار میں عمر عبداللہ مرکزی وزیر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل کانفرنس کے لیڈران ہمیں بھاجپا کی بی ٹیم کہہ رہے ہیں لیکن میں اُن سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ این سی بھارتیہ جنتاپارٹی کی اے ٹیم ہے ۔

غلام نبی آزاد نے کہاکہ حیرانگی کا مقام ہے کہ بی جے پی کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے والے ہی ہم پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔

پروگریسیو آزاد پارٹی کے چیرمین نے مزید کہاکہ اٹل بہاری واجپائی کی حکومت میں عمر عبداللہ مرکزی وزیر تھے اور یہ سب کے سامنے عیاں ہے کہ بھاجپا کے دوست کون لوگ ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بی جے پی کے دور میں جو مرکزی وزیر رہ چکے ہیں وہ آج ہم سے سوال کر رہے ہیں انہیں شرم آنی چاہئے۔

غلام نبی آزاد نے کہاکہ مودی جی پارلیمنٹ میں ان کے جانے کی وجہ سے روئے تو وہ ان کی اچھائی کی وجہ سے روئے کیونکہ بے ایمان لوگوں کے لئے کوئی نہیں روتا۔

علاقائی پارٹیوں کو ہدفہ تنقید کانشانہ بناتے ہوئے آزاد نے کہا:’دفعہ 370کی منسوخی کے بعد پارلیمنٹ میں اپنی آواز بلند کی تاہم نیشنل کانفرنس اور دیگر جماعتوں کے اراکین پارلیمان نے خاموشی اختیار کی ۔ ‘

انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی جموں میں ساکھ کمزور ہو رہی ہیں اوردونوں اب ووٹوں کو تقسیم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہاکہ علاقائی پارٹیاں لوگوں کو کھوکھلے نعروں سے گمراہ کر رہی ہیں لہذا عوام الناس کو ان کے عزائم سے ہوشیار رہنا چاہئے۔

غلام نبی آزاد کے مطابق نیشنل کانفرنس اور کانگریس لوگوں کو دھوکہ دے رہی ہیں کیونکہ دونوں کے پاس لوگوں کو دینے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں