بارہمولہ میں خاتون منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد قرق:پولیس

سری نگر، منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک بد نام زمانہ خاتون منشیات فروش کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر دیا۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بارہمولہ میں ایک بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش کے 15 لاکھ روپیے مالیت کے ایک یک منزلہ رہائشی مکان کو قرق کر دیا۔

بیان میں مذکورہ منیشات فروش کی شناخت افروزہ بیگم عرف افری زوجہ فیاض احمد ڈار ساکن گنائی حمام حال ترم گنڈ ہائی گام سوپور کے بطور کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں درج ایک کیس کے سلسلے میں انجام دی گئی۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ تحقیقات کے دوران جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا: ‘یہ جائیداد پہلی نظر میں منشیات فروش کی طرف سے نشہ آور اور ادویات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی’۔

قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ میں سال رواں کے پہلے مہینے یعنی ماہ جنوری کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 24 مقدمے درج کرکے 3 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 39 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے لاکھوں روپیوں کا نشہ آور مواد ضبط کیا ہے۔

ضلع میں منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سال 2023 کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 264 مقدمے درج کرکے 464 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں