جموں میں سٹیٹ لینڈ پر تعمیر جعلی ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹر اور زیر تعمیر عمارت کو منہدم کیا گیا: حکام

جموں ،جموں کے تحصیل کھور میں سٹیٹ لینڈ پر زیر تعمیر عمارت اور سانبہ کے بری برہمنہ میں ایک جعلی ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹر کو منہدم کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق جموں صوبے میں سرکاری اراضی کو قابضین سے چھڑانے کی خاطر بڑے پیمانے پر مہم شروع کی گئی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کے روز جموں کے تحصیل کھور میں ایک بڑی عمارت کو منہدم کیا گیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سٹیٹ لینڈ پر عمارت تعمیر کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس کو منہدم کیا گیا ہے ۔

ان کے مطابق صوبہ جموں میں قابضین کے خلاف مہم جاری رہے گی۔
بدھ کے روز بھی سانبہ کے بری برہمنہ علاقے میں ایک ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹر پر بلڈوزر چلایا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایک بد نامہ زمانہ مجرم نے سٹیٹ لینڈ پر ایک جعلی ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹر تعمیر کیا تھا جس کو منہدم کیا گیا۔

انہو ںنے بتایا کہ کپل شرما نامی مجرم نے سانبہ میں ایک جعلی ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹر تعمیر کیا اور وہاں پر وہ غیر قانونی کام انجام دے رہا تھا۔

انہوں نے مزید کہاکہ مذکورہ شخص کے خلاف پہلے ہی 17مقدمات درج ہیں اور اس کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ جوں ہی ہمیں اطلاع موصول ہوئی کہ بد نام زمانہ مجرم ایک جعلی ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹر چلا رہا تو فوری طورپر اس اراضی کے بارے میں محکمہ مال سے دریافت کیا تو وہاں سے معلوم ہوا ہے کہ مجرم نے ایک کنال اراضی بارہ مرلہ سرکاری اراضی پر تعمیرات کھڑی کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ مال اورپولیس کی ٹیم نے اعلیٰ الصبح جعلی ڈرگ ڈی ایڈکیشن سینٹر پربلڈوزر چلایا۔

ان کے مطابق مجرم کی گرفتاری عمل میں لا کر مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں