جموں وکشمیر مشن ڈائریکٹوریٹ پوشن نے غذائی بیداری پیکج کا آغاز کیا

سری نگر، مشن پوشن میں اصلاحات کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر کے مشن ڈائریکٹوریٹ پوشن نے آنگن ورکروں کے لئے انگریزی، اردو اور ہندی زبانوں میں تین فلپ بک اور ایک ٹیچنگ لرننگ میٹریل (ٹی ایل ایم) کٹ کی شکل میں نیوٹریشن بیداری پیکج شروع کیا ہے۔

اس بیداری پیکج کو جموں و کشمیر ایسو سی ایشن آف سوشل ورکر (جے کے اے ایس ڈبلیو) کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جس کو کنفڈ ریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) فائونڈیشن کی حمایت حاصل ہے۔

جے کے اے ایس ڈبلیو کے سٹیٹ ریسورس پرسن عنبرین بشیر نے ٹیچنگ لرننگ میٹریل کے بارے میں بتایا کہ ہینڈ بک میں تمام شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہےاور یہ ٹی ایل ایم کے موثر استعمال کے لئے ایک ہدایتی کتابچہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل ایم کٹ آنگن واڑی مراکز میں 3 سے 6 سال کے بچوں کی تمام ترقیاتی ضروریات کو پورا کرے گا اور اس کے استعمال سے آنگن واڑی ورکر بچوں کو خوشی سے کھیل میں شامل کرسکتے ہیں تاکہ ان کی اسکول کی تیاریوں کی صلاحیتوں کو بڑھایا جا سکے۔

علاوہ ازیں غذائیت سے متعلق فلپ بک میں پوشن سے مستفید ہونے والوں کے تمام زمروں کا احاطہ کیا گیا ہے جن میں بچے، حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی مائیں اور نو عمر لڑکیاں شامل ہیں تاکہ صحت مند کھانا پکانے اور کھانے کے طریقوں کو اپنا کر ان کی صحت اور غذائی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

ایک بیان میں کہا گیا کہ تمام ضلع پروگرام افسران کے ساتھ متعلقہ پروجیکٹ کے سی ڈی پی اوز سی آئی آئی اور جے کے اے ایس ڈبلیو کے نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔

منیجنگ ڈائریکٹر مشن پوشن جموں وکشمیر نے سی آئی آئی فائونڈیشن کی کوششوں کی سراہنا کی۔

جے کے اے ایس ڈبلیو نے مذکورہ فائونڈیشن کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کی نشو و نما کی نگرانی پر مزید کام کریں اور تمام استفادہ کنندگان میں صحت مند کھانے کی عادات کو بڑھانے کے لئے غذائی پیکج کے بارے میں کمینوٹی کے اراکین کو آگاہ کریں۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں