بارہ مولہ پولیس نے دو مہینوں کے دوران 62منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لائی :پولیس

سری نگر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سال رواں کے پہلے دو مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 39 مقدمے درج کرکے 62 منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کی زائد از ایک کروڑ روپے مالیت کی جایدادوں کو ضبط کیا ہے۔

ُپولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بارہ مولہ پولیس نے منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دو مہینوں کے دوران بارہ مولہ پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 39مقدمے درج کرکے 62منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتا رشدگان میں سات بد نام زمانہ منشیات فروش بھی شامل ہیں جنہیں پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

موصوف ترجمان کے مطابق منشیات فروشوں کے تین رہائشی مکان، ایک شاپنگ کمپلیکس ، دو آئی ٹونٹی گاڑیاں اور ایک سکوٹی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ان کے مطابق بارہ مولہ پولیس نے جنوری اور فروری مہینوں میں 1.1کروڑ روپیہ مالیت کی جائیدادوں کو بھی قرق کیا۔

پولیس نے اس مدت کے دوران منشیات فروشوں کے قبضے سے 35.2لاکھ روپیہ مالیت کی ممنوع نشیلی اشیاءبھی برآمد کرکے ضبط کی ہے۔

واضح رہے کہ بارہ مولہ پولیس نے منشیات کا قلع قمع کرنے کی خاطر ضلع کے قرب و جوار میں زائد از ایک سو ائمہ مساجد سے مودبانہ اپیل کی ہے کہ وہ جمعے خطبے کے دوران منشیات مخالف موضوع پر خصوصی خطبے دے۔

بارہمولہ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس کی پہل پر ضلع کے قرب و جوار میں زائد از ایک سو ائمہ نے جمعہ کے دن مساجد میں منشیات مخالف موضوع پر خصوصی خطبے دئے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں