پی اے جی ڈی کے پلیٹ فارم کو زندہ کرنے کی کوشش کروں گا: محمد یوسف تاریگامی

سری نگر، سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر محمد یوسف تاریگامی کا کہنا ہے کہ وہ پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن(پی اے جی ڈی) کے پلیٹ فارم کو زندہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا: ‘اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ پی اے جی ڈی بحرانی صورتحال سے دو چار ہے’۔

موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔

بتادیں کہ مسٹر تاریگامی پی اے جی ڈی کے ترجمان اعلیٰ ہیں جس کی دو بنیادی اکائیوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے درمیان اختلاف پیدا ہوئے ہیں۔

پی اے جی ڈی میں بگاڑ پیدا نے کے بارے میں سی پی آئی (ایم) کے لیڈر نے کہا: ‘پی اے جی ڈی ایک بحرانی صورتحال کے نتیجے میں معرض وجود میں آئی تھی اب اس میں بگاڑ پیدا ہوا ہے اور میں بحیثیت ایک رکن کوشش کروں گا کہ یہ پلیٹ فارم زندہ رہے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘پی اے جی ڈی میں بحران ہے تاہم میں کوشش کروں گا کہ یہ مزید کار گر بنے اور اس میں مزید لوگ شامل ہوجائیں’۔

انڈیا الائنس کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر تاریگامی نے کہا: ‘عمر عبداللہ صاحب اور محبوبہ مفتی اس الائنس کے رکن ہیں جبکہ میں اس کا رکن نہیں ہوں’۔

وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ سری نگر کے بارے میں انہوں نے کہا: ‘اس دورے سے ہم چاہتے تھے کہ کچھ راحت ملے گی لیکن ایسا نہیں ہوا پرانی باتوں کو ہی دہرایا گیا، ہم چاہتے تھے کہ وزیر اعظم کوئی نئی بات کریں گے’۔

انہوں نے کہا: ‘ہماری پنڈت برادری جن کو یہاں سے مجبور ہو کر نکلنا پڑا جس پر ہم سب کو رنج ہے، امید تھی کہ ان کو کچھ راحت ملے گی ان کی راحت کے لئے کسی پیکج کا اعلان کیا جائے گا لیکن ایس بھی کچھ نہیں کیا گیا’۔

یو این آئی – ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں