سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ برف باری، میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں

سری نگر، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ سمیت کئی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی۔

حکام کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 سینٹی میٹر تازہ برف ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سری نگر میں اس دوران معمولی بوندا باندی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.6 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ کپوارہ میں 0.2 ملی میٹر اور کوکر ناگ میں 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادی میں 13 مارچ کو ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں اور اس دوران گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 14 سے 20 مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

دریں اثنا وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں کہیں گراوٹ تو کہیں اضافہ درج ہوا ہے۔

گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

یو این آئی – ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں