بڈگام میں منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد:پولیس

سری نگر، منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے وسطی ضلع بڈگام کے بیروہ علاقے میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن بیروہ کی ایک پولیس پارٹی نے سادی پورہ علاقے میں ایک ناکے کے دوران ایک پیازہ آٹو زیر رجسٹریشن نمبر JK013 – 6836 کو روکا جو سونہ پاہ سے کنڈورہ کی طرف جا رہا تھا۔

انہوں نے کہا: ‘تلاشی کے دوران آٹو سے قریب 534 گرام وزنی چرس جیسا مواد اور مکی کے بھوسے میں لپٹے ہوئے 115 گرام وزنی چرس کی 6 چھڑیاں بر آمد کی گئیں’۔

بیان میں کہا گیا کہ آٹو ڈرائیور نے اپنی شناخت گلزار احمد شیخ ولد حبیب اللہ شیخ ساکن سامبورہ پلوامہ کے طور پر کی۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ ڈرائیور کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا اور آٹو کو بھی ضبط کیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بیروہ میں ایک متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔

یو این آئی – ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں