کپوارہ میں ایک عمارت کو آگ لگانے کے الزام میں دو افراد گرفتار:پولیس

سری نگر، اپنی نوعیت کے ایک انوکھے واقعے میں پولیس نے سرحدی ضلع کپوارہ میں انشورنس کمپنی سے دھوکہ دہی کرکے رقم وصولنے کے ارادے سے ایک عمارت کو آگ لگانے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔

بتادیں کہ آگ کی اس واردات کے نتیجے میں ایک غیر مقامی باشندے کی موت واقع ہوئی تھی۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان مین تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال رواں کی 3 اور 4 مارچ کی درمیانی شب کپوارہ کے بٹر گام علاقے میں آتشزدگی کا ایک بھیانک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ثناء اللہ میر ولد مختار میر ساکن بٹر گام کی کمرشل عمارت کو آگ لگ گئی اور اس واقعے میں محمد فیروز عالم ولد تیمور عالم ساکن چار یار بہار کی موت واقع ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ واقعے میں پولیس اسٹیشن کپوارہ نے سی آر پی سی کے دفعہ 174 کے تحت کارروائیاں شروع کیں۔

بیان میں کہا گیا: ‘بعد ازاں تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ آگ ابرار احمد بٹ ولد غلام حسن بٹ ساکن بٹر گام اور ذاکر احمد بٹ ولد محمد افضل بٹ ساکن گلگام نے دانستہ طور پر لگا دی تھی’۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں آئی پی سی کی دفعات 302، 436، 420 اور 120B کے تحت ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 54/2024 درج کیا گیا۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ دو نوں ملزموں نے جموں وکشمیر سے فرار ہو کر پنجاب میں پناہ لی ہوئی تھی جہاں سے ان کو گرفتار کرکے قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنے کے لئے کپوارہ واپس لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا: ‘پوچھ تاچھ کے دوران ملزموں نے جرم کا اعتراف کیا کہ انہوں نے انشورنش کمپنی سے دھوکہ دہی سے رقم حاصل کرنے کے ارادے سے اس عمارت کو آگ لگا دی’۔

ان کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کپوارہ کی نگرانی میں ایس ایچ او کپوارہ کی ایک ٹیم اس کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔

یو این آئی- ایم افضل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں