بھاجپا کی اے، بی، سی اور ڈی ٹیموں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت :ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگرجموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کے روز کہاکہ پارٹی کے بنیادی موقف میں ذرا برابر بھی فرق نہیں آیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عوام کو بھاجپا کی اے، بی ، سی اور ڈی ٹیموں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

ان باتوں کا اظہار موصوف نے پارٹی ہیڈ کواٹر پر منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر میں امن و استحکام کی بحالی اور تعمیر و ترقی کیلئے کام کیا ہے اور انشاءاللہ آگے بھی کریگی اور ہر سطح پر لوگوں کی راحت رسانی کیلئے پیش پیش رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ عوام کی ہر حال میں خدمت کرنا نیشنل کانفرنس کا بنیادی اصول رہا ہے اور پارٹی آج بھی اپنے سنہری اصولوں پر کاربند ہے۔ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی اس جماعت نے ہمیشہ عوام کو ہی طاقت کا سرچشمہ ماناہے اور آج بھی مانتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی اشتراک اور تعاون کے بغیر پارٹی کا کوئی وجود نہیں، ہمیں ہر حال میں لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی سے وابستہ لیڈران، عہدیدارن اور کارکنان پر زور دیا کہ جموں وکشمیر کے دشمنوں کے پروپیگنڈا اور نیشنل کانفرنس کیخلاف پھیلائے جارہے جھوٹے بیانیہ کا توڑ کرنے کیلئے مستعدد اور متحرک ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے بنیادی موقف میں ذرا برابر بھی فرق نہیں آیاہے۔

انہوں نے کہا کہ موقعہ پرست اور مفادپرست عناصر کشمیریوں کے ہمدرد ہونے کا لبادہ اوڑھ کر کشمیر دشمنوں کے خاکوں میں رنگ بھر رہے ہیں۔ عوام کو بھاجپا کی اے، بی ، سی اور ڈی ٹیموں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں