سوپور تصادم: دو ملی ٹینٹ ہلاک، عام شہری اور دو فوجی جوان زخمی

سری نگر،شمالی کشمیر کے وارپورہ سوپور علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی فائرنگ میں دو فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا

پولیس ذرائع نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے وارپورہ سوپور میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد جمعرات کی دوپہر سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے کہاکہ جمعرات شام سات بجے کے قریب جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں دو فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور رات بھر وقفے وقفے سے گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔

ان کے مطابق جمعے کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔

دریں اثنا کشمیر زون پولیس نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سوپور کے وار پورہ علاقے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔

اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

یو این آئی-ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں