ادھم پور تصادم :مفرور ملی ٹینٹوں کی تلاش دوسرے روز بھی جاری ، پیرا کمانڈوز کی خدمات حاصل

جموں،جموں وکشمیر کے ادھم پور ضلع کے بسنت گڑھ جنگلی علاقے میں پیر کو دوسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا۔ اس دوران ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پیرا کمانڈوز کو جنگلی علاقے میں اتارا گیا ہے۔اے ڈی جی پی جموں کے مطابق جنگلی علاقے میں چار سے چھ ملی ٹینٹ موجود ہو سکتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ادھم پور ضلع کے بسنت گڑھ جنگلی علاقے میں مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر پیر کی صبح وسیع پیمانے پر ملی ٹینٹ مخالف آپریشن شروع کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ ایس او جی اور فوج نے ایک وسیع الریض جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پیراکمانڈوز کو بھی جنگل میں اتارا گیا ہے تاکہ جلدازجلد ملی ٹینٹوں کو مار گرایا جاسکے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج آنند جین نے بتایا کہ ادھم پور کے جنگلی علاقے میں ملی ٹینٹوں کے دو گروپ جو حال ہی میں دراندازی کے ذریعے اس طرف آنے میں کامیاب ہوئے موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ فوج اور پولیس کی بھاری جمعیت نے جنگلی علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل او سی کے ذریعے دراندازی کے بعد ملی ٹینٹوں کا یہ گروپ کٹھوعہ سے ہوتے ہوئے بسنت گڑھ پہنچا جہاں سے انہیں چناب ویلی کی طرف جانا تھا لیکن درمیانی شب ان کا پولیس کے ساتھ آمنا سامنا ہوا۔بتادیں کہ بسنت گڑھ ادھم پور میں اتوار کی صبح ملی ٹینٹوں کی فائرنگ میں ولیج ڈیفنس گارڈ شدید طورپر زخمی ہوا اور بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔

یو این آئی،ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں