ہندواڑہ میں سیلابی صورتحال، متعدد بستیاں زیر آب، لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا جارہا ہے

سری نگر،ہندواڑہ میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے متعدد کنبوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ نالہ پہرو میں طغیانی آنے کی وجہ سے کئی رہائشی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

ودھ پورہ ہندواڑہ میں ایک مسافر بردار گاڑی سیلابی پانی کی زد میں آئی تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں مسافروں کو ٹریکٹروں اور بوٹوں کے ذریعے محفوظ جگہ پہنچایا گیا۔تحصیلدار ہندواڑہ کے مطابق پیر کی صبح سے سیلاب میں پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق کپواڑہ کے بعد ہندواڑہ میں بھی نالہ پہرو میں طغیانی آنے کے بعد متعدد علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

نامہ نگار نے بتایا کہ بونہ گام لنگیٹ میں کئی بستیاں زیر آب آگئی ہیں جس وجہ سے مکینوں کو محفوظ جگہ منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی جانب سے رہائشی مکانوں میں پھنسے ہوئے افراد کو بوٹوں کے ذریعے نکالا جارہا ہے۔

ہندواڑہ کے ودھپورہ ، کلنگام اور براری پورہ کی بستیاں بھی پوری طرح سے زیر آب آگئی ہین۔

ودھپورہ ہندواڑہ میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی ایک گاڑی سیلابی ریلے کی زد میں آئی۔معلوم ہے کہ پولیس اور ایس ڈی آر ایف نے فوری طورپر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران مسافروں کو کھڑکیوں سے باہر نکال کر محفوظ جگہ منتقل کیا گیا۔

دریں اثنا تحصیلدار ہندواڑہ جو کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کی قیادت کر رہے ہیں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ نالہ پہرو میں طغیانی آنے کے باعث کئی بستیاں زیر آب آگئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیر کی صبح سے ہی ریسکیو ٹیموں نے پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالا ہے۔تحصیلدار نے بتایا کہ ندی نالوں پرغیر قانونی تعمیرات کھڑی کرنے کی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور ہمیں اس سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ سال 1990کے بعد ہندواڑہ میں ایسی صورتحال دیکھی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سیلابی پانی متعدد بستیوں میں گھس گیا ہے جس وجہ سے لوگ رہائشی مکانوں میں پھنس کررہ گئے ہیں۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک ہندواڑہ کے متعدد علاقوں میں لوگوں کو باہر نکالنے کا سلسلہ جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

یو این آئی،ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں