کپواڑہ میں سیلابی صورتحال کے باعث 25گاوں متاثر 133لوگوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا گیا :ضلعی ترقیاتی کمشنر

سری نگرسرحدی ضلع کپواڑہ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ضلعی ترقیاتی کمشنر آیوشی سدھان نے پیر کے روز کہاکہ پچھلے دو تین دنوں سے کپواڑہ میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس وجہ سے ندی نالوں میں پانی کی سطح کافی بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ضلع بھر میں 20سے 25گاوں سیلاب سے متاثر ہوئے اور وہاں پر پولیس، محکمہ مال کی ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہاکہ فی الحال 133لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا گیا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی خاطر تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کپواڑہ ضلع میں فی الحال اسکولوں میں درس وتدریس کا کام کاج نہیں ہوگا۔

ان کے مطابق سیلابی صورتحال کے پیش نظر اضافی ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کو طلب کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ جگہ منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ دریاﺅں اور ندی نالوں کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں عارضی رہائشی سہولیات کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ متاثرین کو وہاں پر رکھا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ ضلع بھر میں تعینات آفیسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بغیر اجازت کے اسٹیشن نہ چھوڑیں۔

یو این آئی-ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں