آئی جی کشمیر کا شوپیاں دورہ، الیکشن تیاریوں کا لیا جائزہ

سری نگر،جنوبی ضلع شوپیاں میں انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ودھی کمار بردی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں فوج ، سی آر پی ایف اور خفیہ اداروں سے وابستہ آفیسران نے شرکت کی۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آئی جی کشمیر وی کے بردی نے پیر کے روز شوپیاں کادورہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی منظر نامے کا جا ئزہ لیا

انہوں نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران سینئر آفیسران نے آئی جی پی کو وادی کشمیر کی سیکورٹی صورتحال اور لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے کی جارہی تیاریوں کے بارے میں مفصل جانکاری فراہم کی۔

میٹنگ کے دوران عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور انتخابی عمل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کی خاطر حکمت عملی وضع کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی جی کشمیر نے آفیسران پر زور دیا کہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سرگرمیوں کو ناکام بنانے کے لئے سیکورٹی گرڈ اور ہیومن انٹیلی جنس کو مزید مضبوط و مستحکم بنایا جائے۔ انہوں نے حساس علاقوں میں نگرانی کے عمل کو تیز تر کرنے کی بھی ہدایت دی۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج نے ملک مخالف عناصر اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کے احکامات صادر کئے۔

آئی جی پی نے میٹنگ کے دوران معیاری آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیا اور افسران کو حکم دیا کہ وہ تکنیکی معلومات کے ساتھ ساتھ انسانی انٹیلی جنس اکٹھا کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس وی کے بردی نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو مزید تیز تر کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں