فوج کی شمالی کمان کے سربراہ کا پونچھ سیکٹر کا دورہ، آپریشنل تیاریوں کا لیا جائزہ

جموں،فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سوچندر کمار نے منگل کے روز پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر اگلی چوکیوں کا دورہ کیا اوروہاں پر فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر فوجی کمانڈر کو راجوری اور پونچھ اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔

جموں نشین دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سوچندر کمار نے منگل کے روز پونچھ سیکٹر کا دورہ کیا اوروہاں پر فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ سرحدوں پر تعینات فوجی جوانوں کو چوکس رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا جا سکے۔

شمالی کمان کے سربراہ نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایا کہ امن دشن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحد پر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل کو فوج کے سینئر آفیسران نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔

فوجی کمانڈر کو مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔

معلوم ہوا ہے کہ فوجی کمانڈر نے پونچھ میں ایل او سی کے نزدیک اگلی چوکیوں کا دورہ کرنے کے موقع پر وہاں پر تعینات جوانوں کے ساتھ بات چیت کی.انہوں نے آفیسران کو ہدایت دی کہ سرحدوں پر چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد راجوری اور پونچھ کے جنگلی علاقوں میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف تلاشی آپریشنز جاری ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی کمانڈر کو سرگرم دہشت گردوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔

یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں