کولگام انکاونٹر :سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین پھر گولیوں کا تبادلہ شروع

سری نگر،جنوبی ضلع کولگام کے ریڈونی پائین گاوں میں بدھ کی سہ پہر سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان پھر سے گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا ہے۔

بتادیں کہ پیر کے روز سیکورٹی فورسز نے ریڈونی پائین میں لشکر کمانڈر اور اس کے ساتھی کو مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا .

معلوم ہوا ہے کہ رہائشی مکان کے ملبے کو صاف کرنے کے دوران وہاں پر چھپے بیٹھے ملی ٹینٹ نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا۔

اطلاعات کے مطابق کولگام کے ریڈونی پانی میں بدھ کی سہ پہر اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب تصادم کی جگہ اچانک ملی ٹینٹ نمودار ہوئی جس نے وہاں پر تعینات سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔

ذرائع نے بتایا کہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ منگل کے روز سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں لشکر کمانڈر باسط ڈار اور اس کا ساتھی مارا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ رہائشی مکان میں تین ملی ٹینٹ چھپے بیٹھے ہیں جس کے پیش نظر آپریشن کو جاری رکھا گیا ۔

ان کے مطابق بدھ کی سہ پہر تصادم کی جگہ اچانک ایک جنگجو نمودار ہوا جس نے فورسز پر فائرنگ شروع کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹ کے درمیان شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی نفری کوپھر سے طلب کرکے آس پاس علاقوں میں پہرے بٹھا دئے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

یو این آئی- ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں